پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے پہلے مرحلے کی نامزدگی کا سلسلہ جمعرات 17 اکتوبر کو مکمل ہو گیا، جس دن بڑی تعداد میں امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ لیکن اسی کے ساتھ حزب اختلاف کے اتحاد مہاگٹھ بندھن میں اختلافات کی صورتحال مزید واضح ہو گئی ہے، کیونکہ سیٹوں کی تقسیم اب تک حتمی شکل نہیں لے سکی۔
نتیجتاً، کئی نشستوں پر اتحاد کی جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف امیدوار کھڑے کر دیے ہیں، جسے 'فرینڈلی فائٹ' کا نام دیا جا رہا ہے۔ کہلگاؤں اسمبلی حلقے میں آر جے ڈی نے رجنیش یادو کو اپنا امیدوار بنایا ہے اور انہیں انتخابی نشان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، کانگریس نے بھی اسی حلقے سے پروین کُشواہا کو میدان میں اتارا ہے، جنہیں پارٹی ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔
اسی طرح بہار شریف حلقے میں سی پی آئی کے شیو پرکاش یادو نے نامزدگی جمع کرائی ہے، جب کہ کانگریس نے بھی اسی نشست پر اپنا امیدوار میدان میں اتار دیا ہے۔ دیگر حلقے جہاں مہاگٹھ بندھن کے حلیف ایک دوسرے کے مد مقابل ہیں: بچھوارہ: سی پی آئی کے اودھیش رائے اور کانگریس کے غریب داس ، گورا بَورام: آر جے ڈی کے افضال علی اور وی آئی پی کے سنتوش سہنی اور لال گنج: آر جے ڈی کی شیوانی شکلا اور کانگریس کے آدتیہ راجا۔
۔ 17 اکتوبر کی رات کانگریس نے اپنے 48 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں کئی اہم چہروں کو دوبارہ میدان میں اتارا گیا ہے، جن میں ریاستی صدر راجیش رام (کُٹمبا) اور کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کے لیڈر شکیل احمد خان (قدوا) شامل ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کانگریس نے یہ فہرست اس وقت جاری کی ہے جب مہاگٹھ بندھن میں سیٹوں کی تقسیم کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا، جس سے اتحاد میں اختلافات مزید گہرے ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
اتحاد کے دعوے کے باوجود، مہاگٹھ بندھن کی اندرونی چپقلش انتخابی مہم پر اثر انداز ہوتی نظر آ رہی ہے۔ جس طرح کئی حلقوں پر اتحادی جماعتیں ایک دوسرے کے مدمقابل آ گئی ہیں، اس سے نہ صرف ووٹ تقسیم ہوں گے بلکہ این ڈی اے (بی جے پی، جے ڈی یو، ایچ اے ایم وغیرہ) کو فائدہ پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ انتخابی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مہاگٹھ بندھن کا اتحاد محض رسمی رہ جائے گا اور زمینی سطح پر اس کا کوئی خاص اثر نہیں دکھائی دے گا۔