پٹنہ: قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں سیٹوں کی تقسیم کے بعد جاری کشیدگی کے درمیان آج وزیراعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی ہے۔ اس پہلی فہرست میں 51 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان میں وزراء شروَن کمار، وجے کمار چودھری، مہیشور ہزاری سمیت کئی اہم رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔ جے ڈی یو کے ٹکٹ پر اپنا نامزدگی داخل کر چکے اننت سنگھ کا بھی نام اس فہرست میں شامل ہے۔ جے ڈی یو کے کارگزار صدر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے کمار جھا نے کہا کہ جے ڈی یو کی پہلی فہرست آج جاری کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار 16 اکتوبر سے انتخابی مہم شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے حالات کا صحیح تجزیہ کرنے کے بعد ہی پہلی فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری فہرست بھی ایک دو دن میں جاری کر دی جائے گی۔ سنجے جھا نے اپوزیشن پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اب تک سیٹوں کی تقسیم پر کوئی فیصلہ نہیں کر پایا ہے۔ این ڈی اے پوری طرح متحد ہے اور ہمارا مقصد نتیش کمار کی قیادت میں حکومت بنانا ہے۔
بہار کے عوام این ڈی اے کی ڈبل انجن حکومت کے فائدے کو دیکھ رہے ہیں اور اب وہ پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ 16 اکتوبر سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ آپ دیکھیں گے کہ نتیش کمار کے اس مہم سے ریاست میں ایک نیا ماحول بنے گا۔ این ڈی اے کا مقصد ہے کہ بہار کی ترقی کی رفتار کو جاری رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکری یا روزگار دینے کا جو وعدہ کیا ہے، اسے پورا کیا جائے گا۔ بہار میں جو کئی اہم سکس-لین ہائی وے بن رہے ہیں، اور ترقی کے بڑے بڑے منصوبوں پر جو کام ہو رہے ہیں، انہیں وقت پر مکمل کیا جائے گا۔ پارٹی کے اندرونی اختلافات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو میں کسی بھی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ پارٹی میں جو بھی فیصلے ہوتے ہیں، وہ نتیش کمار کی منظوری سے ہی ہوتے ہیں۔
وہ ایک جمہوری مزاج کے لیڈر ہیں، آمرانہ سوچ کے نہیں۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار بہار کی بھی کمان سنبھالے ہوئے ہیں اور جے ڈی یو کی بھی قیادت کر رہے ہیں۔ سنجے جھا نے دعویٰ کیا کہ اس بار این ڈی اے کو اتنی زبردست اکثریت ملنے والی ہے کہ 2010 کا ریکارڈ بھی پیچھے رہ جائے گا۔ اپوزیشن کو بھی معلوم ہے کہ اس بار عوام کا فیڈبیک کیا ہے، خواتین اور نوجوانوں کا موڈ کیسا ہے اور نتائج کیا آئیں گے۔
اسی لیے پورا اپوزیشن خوفزدہ ہے۔ میں دیکھ رہا ہوں کہ کچھ لوگ ایجنڈا بیسڈ بیانیہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، بے بنیاد خبریں چلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بتا دیں کہ اس انتخاب میں این ڈی اے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جنتا دل (یونائیٹڈ) یعنی جے ڈی یو، دونوں 101-101 نشستوں پر انتخاب لڑیں گے۔ لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کو 29 نشستیں ملی ہیں۔ راشٹریہ لوک مورچہ کو چھ نشستیں دی گئی ہیں، اور ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کو بھی چھ نشستوں پر انتخاب لڑنے کا موقع دیا گیا ہے۔