بہار اسمبلی انتخابات:انڈیا الائنس کے لیڈران کی بات چیت

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-04-2025
بہار اسمبلی انتخابات:انڈیا الائنس کے لیڈران کی بات چیت
بہار اسمبلی انتخابات:انڈیا الائنس کے لیڈران کی بات چیت

 



پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات کے حوالے سے دہلی میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی کے ساتھ تقریباً ایک گھنٹے کی ملاقات کے بعد آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادو نے کہا کہ بات چیت مثبت رہی۔ جمعرات (17 اپریل) کو پٹنہ میں آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ ساتھ بائیں بازو کے جماعتوں اور وی آئی پی کے رہنماؤں کی ملاقات ہوگی۔ تاہم، اتحاد میں سیٹوں کی تقسیم کا فارمولا ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔

مہاگٹھ بندھن کے وزیراعلیٰ کے چہرے کے حوالے سے تیجسوی نے کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہم بیٹھ کر فیصلہ کریں گے اور بات سامنے آ جائے گی۔ تیجسوی نے الٹا این ڈی اے کے وزیراعلیٰ کے امیدوار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار ہائی جیک ہو چکے ہیں۔ امیت شاہ نے کئی بار کہا کہ نتیش کمار کی قیادت میں انتخابات لڑے جائیں گے، لیکن یہ نہیں کہا کہ انتخابات جیتنے کے بعد انہیں ہی وزیراعلیٰ بنایا جائے گا۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہوا کہ آر جے ڈی کانگریس کو کتنی سیٹیں دینے کے لیے تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق، جمعرات (17 اپریل) کو پٹنہ میں مہاگٹھ بندھن کی جماعتوں کی ہم آہنگی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کے بعد مشترکہ حکمت عملی کے تحت انتخابات لڑنے کا خاکہ تیار کیا جائے گا۔ کہا جا رہا ہے کہ سیٹوں کے مسئلے کو حل کرنے کے بعد صحیح وقت پر تیجسوی کو وزیراعلیٰ کے چہرے کے طور پر اعلان کیا جائے گا۔

آنے والے دنوں میں پشوپتی پارس بھی آر جے ڈی-کانگریس اتحاد میں شامل ہو سکتے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ اس ملاقات میں کھڑگے، راہل، تیجسوی کے علاوہ کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال ، بہار کانگریس کے صوبائی صدر راجیش رام، انچارج کرشنا اللاؤارو، آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا اور سنجے یادو بھی موجود تھے۔ سیٹوں کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے خاموشی اختیار رکھی۔

کہا جا رہا ہے کہ کانگریس پچھلے انتخاب کی طرح اس بار بھی آر جے ڈی سے 70 سیٹیں چاہتی ہے، جبکہ آر جے ڈی کا موقف ہے کہ کانگریس کو پہلے سے کم سیٹوں پر لڑنا چاہیے۔ اس ملاقات کے حوالے سے کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اس بار بہار میں تبدیلی یقینی ہے۔ آج ہم نے بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو سے ملاقات کی اور مہاگٹھ بندھن کی مضبوطی پر گفتگو کی۔ آنے والے انتخابات میں بہار کی عوام کو ہم ایک مضبوط، مثبت، انصاف پسند اور فلاحی متبادل فراہم کریں گے۔

بی جے پی اور اس کے موقع پرست اتحاد سے بہار کو آزادی ملے گی۔ نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں، خواتین، سماج کے پچھڑے، انتہائی پچھڑے اور دیگر تمام طبقوں کے لوگ مہاگٹھ بندھن کی حکومت چاہتے ہیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے یہ بھی کہا کہ ہماری پوری تیاری ہے۔ بہار کو آگے لے جانے کا عزم ہے۔ بہار کے ساتھ مرکزی حکومت نے سوتیلا سلوک کیا ہے۔ 20 سالوں سے نتیش حکومت ہے لیکن بہار سب سے غریب ریاست ہے۔ ہم عوام کے درمیان حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کریں گے۔