نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی کی ایک عدالت نے جمعرات کو عام آدمی پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ سواتی مالیوال کو 14 سالہ ریپ متاثرہ کی شناخت ظاہر کرنے کے الزام سے بری کر دیا۔ مالیوال پر جویونائل جسٹس ایکٹ اور دفعہ 228اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جو جنسی جرائم کے متاثرین کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی لگاتا ہے۔
اس معاملے کی سماعت ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نہا متل نے کی۔ اس کیس سے متعلق مکمل تحریری حکم کا انتظار ہے۔ مالیوال پر الزام تھا کہ انہوں نے متاثرہ کے کیس کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے علاقے کے پولیس کمشنر کو ایک نوٹس بھیجا تھا، جس میں متاثرہ کا نام درج تھا۔
۔2016 میں درج ہوا تھا مقدمہ
دہلی پولیس نے مالیوال کے خلاف 2016 میں مقدمہ درج کیا تھا، جب وہ دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن تھیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مالیوال نے متاثرہ کا نام ظاہر کیا، جو جویونائل جسٹس ایکٹ کی دفعات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ دفعات جنسی جرم کی نابالغ متاثرہ کی شناخت کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں۔
نابالغ لڑکی نے 23 جولائی 2016 کو ایک اسپتال میں دم توڑ دیا تھا۔ بتایا گیا کہ اس کے پڑوسی نے اس کے گلے میں ایک تیزاب نما مادہ ڈال دیا تھا، جس سے اس کے اندرونی اعضا کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
کیا تھا الزام؟
پولیس کے مطابق، مالیوال نے علاقے کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو ایک نوٹس بھیجا تھا، جس میں انہوں نے کیس کی تفتیش سے متعلق معلومات طلب کی تھیں۔ بتایا گیا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو دیے گئے اس نوٹس میں مبینہ طور پر متاثرہ کا نام بھی شامل تھا۔ اسی بنیاد پر درج ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس نوٹس کو جان بوجھ کر مختلف واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا گیا اور ٹی وی چینلز پر نشر کیا گیا۔