لکھنؤ/ آواز دی وائس
یوگی حکومت نے صوبے میں آؤٹ سورسنگ خدمات کو زیادہ شفاف، محفوظ اور جوابدہ بنانے کے لیے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ منگل کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی سربراہی میں ہوئی کابینہ میٹنگ میں کل 15 تجاویز کو منظوری دی گئی، جن میں کمپنیز ایکٹ 2013 کی دفعہ 8 کے تحت اتر پردیش آؤٹ سورس سروس نگم لمیٹڈ کے قیام کو بھی منظوری دی گئی۔
یہ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہوگی جسے نان-پرافٹ ادارے کے طور پر چلایا جائے گا۔ اس کے ذریعے اب آؤٹ سورسنگ ایجنسیوں کا انتخاب براہِ راست محکمے نہیں کریں گے بلکہ نگم جیم پورٹل کے ذریعے منصفانہ اور شفاف طریقۂ کار سے کیا جائے گا۔ آؤٹ سورس ملازمین کا انتخاب تین سال کے لیے ہوگا اور انہیں ماہانہ 16 سے 20 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ اس فیصلے کے ذریعے حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر ملازم کو اس کا پورا حق ملے اور اس کا مستقبل محفوظ رہے۔ یہ فیصلہ نہ صرف لاکھوں نوجوانوں کو بہتر مواقع دے گا بلکہ صوبے میں روزگار اور خوش انتظامی کا ایک نیا ماڈل بھی قائم کرے گا۔
کیوں ضروری تھا نگم کا قیام
صوبے کے وزیر خزانہ و پارلیمانی امور سریش کمار کھنہ نے کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف محکموں اور اداروں میں طویل عرصے سے آؤٹ سورسنگ ایجنسیوں کے ذریعے بڑی تعداد میں خدمات لی جا رہی تھیں، لیکن اکثر شکایتیں سامنے آتی تھیں کہ ملازمین کو حکومت کی طرف سے طے شدہ اعزازیہ پورا نہیں مل رہا۔ اس کے علاوہ ای پی ایف، ای ایس آئی جیسی لازمی سہولتوں کا باقاعدہ حصہ بھی کئی بار ایجنسیوں کی جانب سے جمع نہیں کیا جاتا تھا۔ ان بے ضابطگیوں کو ختم کرنے اور ملازمین کے مفاد کے تحفظ کے لیے یہ نگم قائم کیا گیا ہے۔
نئی نظام کی خصوصیات
آؤٹ سورسنگ ایجنسیوں کا انتخاب محکمے نہیں بلکہ نگم جیم پورٹل کے ذریعے کرے گا۔
ملازمین کا اعزازیہ 16 سے 20 ہزار روپے ماہانہ طے کیا گیا ہے۔
آؤٹ سورس ملازمین سے مہینے میں 26 دن خدمت لی جا سکے گی۔
ملازم تین سال تک اپنی خدمات دیں گے۔
تنخواہ ہر مہینے کی 1 سے 5 تاریخ کے درمیان براہِ راست ان کے کھاتوں میں منتقل ہوگی۔
ای پی ایف اور ای ایس آئی کی رقم براہِ راست ملازم کے کھاتے میں جائے گی، پہلے یہ رقم سروس پرووائیڈر کے پاس جاتی تھی۔
کسی بھی بے ضابطگی پر خدمت فوراً ختم کی جا سکے گی۔
انتخابی عمل میں تحریری امتحان اور انٹرویو کا اہتمام ہوگا تاکہ بہتر معیار کے اہل کارکنوں کی تقرری ہو۔
سماجی تحفظ اور ریزرویشن
وزیر خزانہ نے بتایا کہ نئے نظام میں آئینی دفعات کے تحت ایس سی، ایس ٹی، او بی سی، ای ڈبلیو ایس، معذور افراد، سابق فوجی اور خواتین کو ضابطے کے مطابق ریزرویشن ملے گا۔ خواتین کو زچگی کی چھٹی کا بھی حق دیا جائے گا۔ ملازمین کی کارکردگی اور مہارت بڑھانے کے لیے وقتاً فوقتاً تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ خدمت کے دوران ملازم کی موت کی صورت میں 15 ہزار روپے تدفینی امداد دی جائے گی۔
کانپور اور لکھنؤ میں نیٹ کاسٹ کانٹریکٹ ماڈل پر ای-بسیں
شہری ٹرانسپورٹ کو جدید اور منظم بنانے کی سمت میں اتر پردیش حکومت نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ یوگی کابینہ نے لکھنؤ، کانپور اور قریبی اہم قصبوں میں ای-بسوں کو نیٹ کاسٹ کانٹریکٹ ماڈل پر چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر شہری ترقی اے کے شرما نے بتایا کہ ابھی تک صوبے کے 15 میونسپل کارپوریشن میں 743 الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں، جن میں سے 700 بسیں گراس کاسٹ کانٹریکٹ ماڈل پر ہیں۔ اس اسکیم کے تحت لکھنؤ اور کانپور سمیت آس پاس کے قصبوں میں 10-10 روٹس پر 9 میٹر لمبی اے سی ای-بسیں چلیں گی، ہر روٹ پر کم از کم 10 بسیں لازمی ہوں گی۔ کانٹریکٹ کی مدت تجارتی آپریشن کی تاریخ سے 12 سال ہوگی۔
اندازہ ہے کہ ہر روٹ پر تقریباً ₹10.30 کروڑ کا خرچ آئے گا، جس میں سے ₹9.50 کروڑ بسوں کی خرید پر اور ₹0.80 کروڑ چارجر اور دیگر ضروری سامان پر خرچ ہوں گے۔ معاہدے کے تحت بسوں کا ڈیزائن، فنانسنگ، خرید، سپلائی اور دیکھ بھال کی ذمہ داری نجی آپریٹر پر ہوگی۔ انہیں 90 دن کے اندر پروٹوٹائپ ای-بس فراہم کرنی ہوگی اور ایک سال کے اندر آپریشن شروع کرنا ہوگا۔ تمام کرایہ اور دیگر آمدنی نجی آپریٹر جمع کرے گا، لیکن ٹیرِف حکومت طے کرے گی۔ ساتھ ہی حکومت ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور آر ٹی او سے لائسنس اور پرمٹ جاری کرے گی۔ ای-بسوں کے لیے حکومت بجلی کا انفراسٹرکچر اور چارجر سہولت بھی فراہم کرے گی۔ حکومت کا ماننا ہے کہ اس ماڈل سے مالی بوجھ کم ہوگا اور خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی۔
یوگی کابینہ نے ایکسپورٹ پروموشن پالیسی 2025-30 کو دی منظور
اتر پردیش کو عالمی سطح پر ایکسپورٹ حب بنانے کے مقصد سے یوگی کابینہ نے ایکسپورٹ پروموشن پالیسی 2025-30 کو منظوری دے دی ہے۔ اس میں پچھلی پالیسی (2020-25) کو بہتر بناتے ہوئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، مالی امداد، ایکسپورٹ لون و انشورنس، مارکیٹ ایکسپینشن، تربیت اور کپیسٹی بلڈنگ پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ ہدف ہے کہ 2030 تک رجسٹرڈ ایکسپورٹرز کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ ہو اور ہر ضلع کو ایکسپورٹ سرگرمیوں سے جوڑ کر علاقائی توازن قائم کیا جائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف صوبے کی برآمدات میں معیار کے ساتھ اضافہ ہوگا بلکہ یوپی ایک طاقتور عالمی ایکسپورٹ حب کے طور پر ابھرے گا۔
شاہجہانپور میں سوامی شوک دیوانند یونیورسٹی کے قیام کو منظوری
یوگی کابینہ نے شاہجہانپور میں سوامی شوک دیوانند یونیورسٹی کے قیام کی تجویز کو بھی منظور کر لیا ہے۔ اس کے لیے مموکش آشرم ٹرسٹ کی تعلیمی اکائیوں کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا۔ فی الحال ٹرسٹ کے تحت 5 ادارے چل رہے ہیں—سوامی شوک دیوانند کالج، سوامی شوک دیوانند لا کالج، شری دیوی سمپدا برہماچریہ سنسکرت کالج، شری دھرمانند سرسوتی انٹر کالج اور شری شنکر مموکش ودیاپیٹھ۔ اب یہ سبھی ادارے نئی یونیورسٹی کے تحت آئیں گے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شاہجہانپور کی رپورٹ کے مطابق ٹرسٹ کے پاس کل 21.01 ایکڑ زمین ہے، جس میں سے تقریباً 20 ایکڑ یونیورسٹی کو ملے گی۔ پہلے مرحلے میں اعلیٰ تعلیم محکمہ اور ٹرسٹ کے درمیان ایم او یو ہوگا اور پھر اتر پردیش اسٹیٹ یونیورسٹی ایکٹ 1973 کے تحت باضابطہ کارروائی مکمل کی جائے گی۔