نتیش حکومت کا بڑا فیصلہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-11-2025
نتیش حکومت کا بڑا فیصلہ
نتیش حکومت کا بڑا فیصلہ

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد منگل کو پہلی کابینہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں اگلے پانچ برسوں میں نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا فیصلہ لیا گیا۔میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے چیف سیکریٹری پرتیا امِرت نے بتایا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صنعتی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار کو مشرقی خطے کا ’ٹیک ہب‘ بنانے کے لیے دفاعی کوریڈور، سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ پارک، گلوبل کیپیسٹی سینٹر، میگا ٹیک سِٹی اور فِٹنس سِٹی قائم کی جائیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں سے نہ صرف بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ریاست میں سرمایہ کاری اور صنعتی ماحول بھی مضبوط ہوگا۔
پرتیا امِرت نے مزید کہا کہ ریاست میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور صنعتوں کے پھیلاؤ کو نئی سمت دینے کے لیے تیزی سے اقدامات شروع کیے جا چکے ہیں۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ سال 2020 سے 2025 کے دوران 50 لاکھ نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اور روزگار فراہم کیا گیا، جب کہ اگلے پانچ سال (2025–30) میں ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں اور روزگار دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت بننے کے بعد صنعتوں کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ روزگار پیدا کرنے کے لیے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے۔ بَدَلتے بہار کی ترقی کی رفتار بڑھانے کے لیے ریاست میں ٹیکنالوجی اور سروس پر مبنی اختراعات کے ذریعے ’نیو ایج اکانومی‘ کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے۔
چینی ملوں کی دوبارہ بحالی پر توجہ
چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ریاست میں نئی چینی ملوں کی تعمیر اور بند پڑی پرانی چینی ملوں کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے بھی پالیسی اور روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔