الیکشن کمیشن کا بڑا اعلان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-11-2025
الیکشن کمیشن کا بڑا اعلان
الیکشن کمیشن کا بڑا اعلان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
انتخابی کمیشن نے 2003 کی ووٹر لسٹ میں نام تلاش کرنے کا طریقہ آسان بنا دیا ہے۔ اب کمیشن کی ویب سائٹ پر ووٹر کو صرف اپنا نام، ریاست کا نام اور والد یا والدہ کا نام درج کرنا ہوگا۔ بس اتنا کرتے ہی 2003 کی ووٹر لسٹ میں اس کا نام کہاں موجود ہے، یہ فوری طور پر اسکرین پر ظاہر ہو جائے گا۔
انتخابی کمیشن نے 12 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں ہونے والی خصوصی گہری نظرثانی کارروائی کے مدنظر یہ قدم اٹھایا ہے۔ اب ووٹرز کو اسمبلی حلقہ، پارٹ نمبر، پولنگ اسٹیشن اور دیگر تفصیلات بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کمیشن کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی والدین کا نام درج کرنے کی شرط سے بھی چھوٹ مل جائے گی۔
کمیشن نے سوشل میڈیا پر بھی معلومات شیئر کیں
انتخابی کمیشن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر بھی یہ معلومات شیئر کی ہیں اور ایپ کے بارے میں رہنمائی فراہم کی ہے۔ ساتھ ہی قدم بہ قدم نام تلاش کرنے کا طریقہ بھی بتایا گیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ اس سے لوگ اپنی ووٹر لسٹ میں اپنا نام با آسانی تلاش کر سکیں گے اور ایس آئی آر کی کارروائی بھی تیزی سے مکمل ہو سکے گی۔
سپریم کورٹ میں  ای سی آئی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستیں
ادھر سپریم کورٹ نے جمعے کو انتخابی کمیشن کے اس فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر سماعت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ گزشتہ دنوں کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں نے کیرل، یوپی اور دیگر ریاستوں میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں۔
جسٹس سوریہ کانت، جسٹس ایس وی این بھٹّی اور جسٹس جوی مالیا باگچی کی بنچ نے جمعے کو اس معاملے کی سماعت کی۔ بنچ نے مختلف ریاستوں میں ایس آئی آر عمل کو چیلنج کرنے والی نئی درخواستوں پر انتخابی کمیشن سے جواب طلب کیا ہے۔
دسمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں سماعت ہوگی
کیرل میں ایس آئی آر کو چیلنج کرنے والے درخواست گزار کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ ریاست میں لوکل باڈی کے انتخابات بھی ہونے ہیں، اس لیے معاملے پر جلد سماعت ضروری ہے۔ بنچ نے ہدایت دی کہ کیرل میں ایس آئی آر کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو 26 نومبر کو فہرست میں شامل کیا جائے، جبکہ دوسری ریاستوں میں انتخابی فہرست کی نظرثانی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر دسمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں سماعت کی جائے گی۔