پیوش گوئل کا بڑا اعلان

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-09-2025
پیوش گوئل کا بڑا اعلان
پیوش گوئل کا بڑا اعلان

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت پیوش گوئل نے  کہا کہ ہندوستان-امریکہ تجارتی معاہدے کو لے کر بات چیت نہایت خوشگوار ماحول میں جاری ہے اور اس کا پہلا مرحلہ اس سال نومبر تک حتمی شکل اختیار کرنے کی امید ہے۔
مرکزی وزیر نے پٹنہ میں کہا کہ فروری 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر ٹرمپ نے ہمیں ہدایت دی تھی کہ دونوں فریقوں کے وزراء نومبر 2025 تک ایک اچھا معاہدہ تیار کریں۔ اس معاہدے کا پہلا حصہ، یعنی پہلا ٹرانچ، نومبر 2025 تک فائنل ہونا چاہیے۔ مارچ سے اس موضوع پر سنجیدگی سے بات چیت ہو رہی ہے اور بہت اچھے ماحول میں پیش رفت جاری ہے۔ اس پیش رفت سے دونوں فریق مطمئن ہیں۔
اس سے پہلے بدھ کے روز دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تناؤ میں کمی کے اشارے دیتے ہوئے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ “تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مسلسل بات چیت کر رہے ہیں” اور انہیں “پورا یقین” ہے کہ ان بات چیت کی کامیابی میں “کوئی دشواری” نہیں ہوگی۔
اس کے چند گھنٹے بعد، وزیر اعظم نریندر مودی نے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک فطری شراکت دار ہیں اور ایک روشن اور زیادہ خوشحال مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
ہندوستان-امریکہ کے تعلقات میں دراڑ
ہندوستان-امریکہ دو طرفہ تعلقات میں اس وقت دراڑ پڑ گئی تھی جب امریکی صدر ٹرمپ نے ہندوستان کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر سزا کے طور پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان پر 27 اگست سے کل 50 فیصد ٹیرف نافذ ہے۔ ٹیرف سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی اشیاء میں ٹیکسٹائل (کپڑا)، رتن اور زیورات، قالین، فرنیچر اور جھینگا مچھلی شامل ہیں۔