نئی دہلی: بھوپیندر پٹیل نے بدھ کے روز لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرانے کی تجویز کا جائزہ لینے والی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے ملاقات کی۔ ریاستی حکومت نے ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کے تصور کی حمایت کی۔ اپوزیشن کانگریس نے اس تجویز پر تنقید کرتے ہوئے اسے اقتدار کے مرکزیت کے خفیہ ایجنڈے سے تعبیر کیا۔
وزیر اعلیٰ پٹیل کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی، گجرات حکومت کے سینئر افسران اور دیگر نمائندوں نے بھی گاندھی نگر کے قریب جیفٹ سٹی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ پی پی چودھری کی صدارت والی جے پی سی سے ملاقات کی اور ریاست کے مؤقف سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سنگھوی نے کہا کہ گجرات حکومت اس مجوزہ قانون کی مکمل حمایت کرتی ہے کیونکہ یہ ’’ملک کے مفاد‘‘ میں ہے۔ انہوں نے کہا، “چونکہ یہ تصور قومی مفاد میں ہے، اس لیے گجرات حکومت نے ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کے خیال کی مکمل حمایت کی ہے۔”
سنگھوی نے مزید کہا کہ گجرات اس سال بلدیاتی انتخابات کے دوران میونسپل کارپوریشنز، میونسپلٹیوں، ضلعی پنچایتوں اور تحصیل پنچایتوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کی سمت پہلے ہی بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گجرات حکومت کے ایک سروے کے مطابق ایک اسمبلی یا لوک سبھا انتخاب کے دوران سرکاری عملے کے تقریباً 50 لاکھ گھنٹے ضائع ہوتے ہیں۔