نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ نے جمعہ کو مسلم فریق کی اس درخواست پر سماعت کرنے سے اتفاق کیا جس میں کہا گیا کہ مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے نماز کی ادائیگی کے لیے مختص متبادل مقام، دھار میں واقع متنازع بھوج شالا احاطے سے بہت دور ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش حکومت سے ہدایات حاصل کریں کہ آیا متنازع احاطے کے قریب ہی نماز کے لیے کوئی متبادل جگہ فراہم کی جا سکتی ہے۔
مسلم فریق کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل حذیفہ احمدی نے کہا کہ عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ بھوج شالا کے قریب نماز کے لیے کھلی جگہ فراہم کی جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکام کی جانب سے مختص کی گئی زمین تقریباً دو کلومیٹر دور ہے۔ احمدی نے کہا، ’’عدالت کے حکم کے مطابق جگہ بھوج شالا کے قریب ہونی چاہیے تھی، مگر جمعہ کی نماز کے لیے دی گئی زمین دو کلومیٹر دور ہے۔ اسی وجہ سے ہم جمعہ کی نماز ادا نہیں کر سکے۔‘‘
مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ متبادل مقام متنازع احاطے سے تقریباً 900 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ انہوں نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کا جائزہ لیں گے اور ضرورت پڑنے پر مناسب اقدامات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں خود اس معاملے کو دیکھوں گا اور اسے درست کروں گا۔‘‘
جسٹس باگچی نے کہا کہ عدالت کے سابقہ حکم پر ’’لفظ بہ لفظ اور اس کی اصل روح کے مطابق‘‘ عمل ہونا چاہیے۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت جمعہ کے لیے مقرر کرتے ہوئے سالیسٹر جنرل کو ہدایت دی کہ نماز کے لیے قریبی متبادل مقام فراہم کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت سے ہدایات حاصل کریں۔
واضح رہے کہ 14 جولائی کو اسی بنچ نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر سماعت کے دوران، جس میں متنازع بھوج شالا احاطے کو دیوی سرسوتی کے مندر کے طور پر قرار دیا گیا تھا، ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ مقدمے کے حتمی فیصلے تک ہر جمعہ دوپہر ایک بجے سے تین بجے کے درمیان نماز کی ادائیگی کے لیے متنازع مقام کے قریب علیحدہ کھلی جگہ فراہم کی جائے۔