بھوجشالہ تنازعہ : ہائی کورٹ نے اندور بینچ کے سپرد کیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-02-2026
بھوجشالہ تنازعہ : ہائی کورٹ نے اندور بینچ کے سپرد کیا
بھوجشالہ تنازعہ : ہائی کورٹ نے اندور بینچ کے سپرد کیا

 



جبلپور:مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جبلپور پرنسپل بینچ نے بدھ کے روز اپنی اندور بینچ کو بھوج شالا مندر–کمال مولا مسجد احاطہ تنازع سے متعلق عرضیوں کی سماعت کرنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس سنجیو سچدیوا اور جسٹس ونئے سراف کی بینچ نے کہا کہ متنازعہ ڈھانچہ ضلع دھار میں واقع ہے، جو اندور بینچ کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے۔

بینچ نے کہا کہ چونکہ متعلقہ فریقین بھی اسی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، اس لیے عرضیوں کی سماعت وہیں ہونی چاہیے۔ پرنسپل بینچ نے کیس کی اگلی سماعت کے لیے 23 فروری کی تاریخ اندور بینچ میں مقرر کی ہے۔ ہندو برادری بھوج شالا کو واگ دیوی (دیوی سرسوتی) کے نام منسوب مندر مانتی ہے، جبکہ مسلم برادری 11ویں صدی کی اس یادگار کو کمال مولا مسجد قرار دیتی ہے۔ یہ احاطہ بھارتی آثارِ قدیمہ سروے (اے ایس آئی) کے زیر تحفظ ہے۔

اے ایس آئی کے اپریل 2023 کے حکم کے مطابق، ہندوؤں کو ہر منگل پوجا کی اجازت ہے، جبکہ مسلمانوں کو ہر جمعہ نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اندور سے ڈیجیٹل ذریعے سے سماعت میں شریک ہندو فرنٹ فار جسٹس کے وکیل ونئے جوشی نے بتایا کہ ہائی کورٹ کی یہ ہدایت تمام فریقون کی سہولت کے لیے جاری کی گئی ہے اور اب اس معاملے کی سماعت اندور بینچ کے سینئر ترین جج کریں گے۔

اندور بینچ نے 16 فروری کو سپریم کورٹ آف انڈیا کے 22 جنوری 2026 کے حکم کا حوالہ دیتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ زیر التوا رِٹ عرضیوں کو تین ہفتوں کے اندر چیف جسٹس یا سینئر جج کی سربراہی میں قائم ڈویژن بینچ کے سامنے پیش کیا جائے۔ اعلیٰ عدالت نے 22 جنوری کو ہائی کورٹ کو ہدایت دی تھی کہ اے ایس آئی کی جانب سے سیل بند لفافے میں جمع کرائی گئی متنازعہ احاطے کی سائنسی سروے رپورٹ کو عام کیا جائے اور فریقین کو اعتراضات داخل کرنے کے لیے فراہم کیا جائے۔

اعتراضات داخل ہونے کے بعد کیس کی حتمی سماعت کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے تمام فریقین کو ہدایت دی ہے کہ متنازعہ احاطے میں جوں کی توں صورتِ حال برقرار رکھی جائے اور حتمی فیصلے تک اے ایس آئی کے اپریل 2023 کے حکم پر عمل کیا جائے۔