بنگلورو: دیوی رتھ یاترا کے دوران پتھراؤ، علاقے میں کشیدگی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-01-2026
بنگلورو: دیوی رتھ یاترا کے دوران پتھراؤ، علاقے میں کشیدگی
بنگلورو: دیوی رتھ یاترا کے دوران پتھراؤ، علاقے میں کشیدگی

 



بنگلورو/ آواز دی وائس
بنگلورو کے جے جے آر نگر علاقے میں ایک مذہبی جلوس پر پتھراؤ کے بعد کشیدگی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ کرناٹک کے شہر بنگلورو میں جگجیون رام نگر علاقے میں اتوار کی رات اس وقت تناؤ پھیل گیا جب مقامی اوم شکتی مندر سے نکالی جا رہی دیوی کی رتھ یاترا کے دوران عقیدت مندوں پر مبینہ طور پر پتھراؤ کیا گیا۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔
پولیس کے ایک افسر نے کہا کہ ہمیں شکایت ملی ہے کہ جلوس کے دوران رتھ پر پتھر پھینکے گئے۔ الزام ہے کہ دوسرے طبقے کے کچھ سماج دشمن عناصر نے پتھراؤ کیا۔ذرائع کے مطابق اس واقعے میں ایک بچے کے سر میں چوٹ آئی، جبکہ ایک نوجوان لڑکی کو بھی سر پر زخم آئے ہیں۔ واقعے کے بعد مشتعل عقیدت مند جگجیون رام نگر پولیس تھانے کے سامنے جمع ہو گئے اور ملزمان کے خلاف کارروائی کے مطالبے کو لے کر احتجاج کرنے لگے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں اور انہوں نے معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ علاقے میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور مغربی ڈویژن کے پولیس ڈپٹی کمشنر یتیش این بی نے پولیس تھانے پہنچ کر صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان کی شناخت ہوتے ہی ان کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال حالات قابو میں ہیں۔
کرناٹک میں دلت خاتون کا سڑک پر چاقو مار کر قتل
کرناٹک کے ضلع اتر کنڑ کے یللاپور قصبے میں 30 سالہ دلت خاتون کو سڑک پر چاقو مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ کی شناخت رنجیتا بھانسوڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ الزام ہے کہ یہ قتل اس کے ایک جاننے والے شخص نے کیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) دیپن ایم این نے ‘پی ٹی آئی-بھاشا’ کو بتایا کہ ملزم رفیق امامساب کی لاش اتوار کو یللاپور کے قریب جنگل میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ اس واقعے کے بعد قصبے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہو گئی اور کئی ہندو تنظیموں نے اتوار کو یللاپور میں بند کی اپیل کی۔ ان تنظیموں نے اس قتل کو ’لو جہاد‘ کا معاملہ قرار دیا۔
مقتولہ کی شناخت یللاپور کے کلمّا نگر کی رہائشی رنجیتا بھانسوڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، اسی علاقے کا رہنے والا رفیق خاتون کے قتل کا مرکزی ملزم تھا۔ پولیس نے بتایا کہ رفیق اور رنجیتا اسکول کے زمانے سے دوست تھے۔ ایک پولیس افسر نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلتا ہے کہ ملزم خاتون پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ جب خاتون نے اس سے انکار کیا تو اس نے مبینہ طور پر سرِعام چاقو سے اس پر حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر اس وقت پیش آیا جب رنجیتا اپنے کام سے گھر واپس لوٹ رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر سے علیحدہ تھی اور یللاپور میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھی، جہاں وہ ایک سرکاری اسکول میں مڈ ڈے میل معاونہ کے طور پر کام کرتی تھی۔ ملزم اکثر اس کے گھر کھانے کے لیے آتا تھا، لیکن کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب اس نے شادی پر اصرار کیا، جس کی رنجیتا اور اس کے خاندان نے مخالفت کی۔
قتل کے بعد مشتعل مقامی باشندوں اور ہندوتوا کارکنوں نے ملزم کی گرفتاری میں تاخیر کا الزام لگاتے ہوئے یللاپور تھانے کے سامنے احتجاج کیا۔ اسی دوران رفیق کی لاش جنگل میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی کرناٹک یونٹ کے صدر بی وائی وجیندر نے سوگوار خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضے اور دو ایکڑ زمین کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کی جانب سے فوری طور پر پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔