بنگلورو: انٹرنیشنل میلاد النبی کانفرنس،مدینہ ،یمن اور عراق کے علما کریں گے شرکت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2025
بنگلورو: انٹرنیشنل میلاد النبی  کانفرنس،مدینہ ،یمن اور عراق کے علما کریں گے شرکت
بنگلورو: انٹرنیشنل میلاد النبی کانفرنس،مدینہ ،یمن اور عراق کے علما کریں گے شرکت

 



بنگلورو: ملک و دنیا میں جمعہ کو  جشن میلاد النبی کی دھوم رہے گی ۔ پیغمبر اسلام کے یوم ولادت پر ان کی تعلیمات کے ذکر کے ساتھ  روحانی محفلوں کا انعقاد ہوگا ۔تاکہ نہ صرف دنیا بلکہ خود مسلمانوں کو پیغمبر اسلام کی تعلیمات سے آگاہ کیا جاسکے ،اس راہ سے واقف کرایا جائے جو اسلام کے آخری نبی نے دکھائی ہے۔جو امن ،محبت اور رواداری کا راستہ ہے،

اس سلسلے میں بنگلورو کے پیلس گراؤنڈز میں  ایک عظیم الشان انٹرنیشنل میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد ہونے جا رہی ہے۔ یہ اجتماع حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونےکی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، جو تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔بہرحال اب کرناٹک حکومت نے  اس پروگرام میں غیر ملکی علما کی تقریر پر روک لگا دی ہے جس کا سبب ان کے ویزا کی نوعیت بتائی جاتی ہے 

ایمان اور اتحاد کا جشن

منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اجتماع صرف ایک تہوار نہیں بلکہ نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو یاد کرنے اور ان کی تعلیماترحمت، شفقت، سچائی اور انصافکو زندہ کرنے کا ایک عظیم موقع ہے۔ایک کنوینر نے  کہا کہ میلاد منانے کا اصل مقصد یہ ہے کہ انسانیت، امن اور بھائی چارے کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔"

مشہور علما کے بیانات

کانفرنس میں عرب اور غیر عرب دنیا کے ممتاز علما و مشائخ شریک ہوں گے۔ وہ موجودہ دور میں سیرتِ نبوی ﷺ کی اہمیت، روحانیت اور اتحادِ امت پر خطابات کریں گے۔

مہمانِ خاص

  • حبیب عمر بن حفیظ (یمن)
  • شیخ ابوبکر احمد مصلیار (کیرالہ)
  • عبداللہ عبد الکبیر عبد الکریم (مدینہ منورہ)
  • سید ابتان شاہ مری (مدینہ منورہ)
  • شیخ ہاشمی عبد القادر منصور الدین (عراق)
  • محمد متکویہ جعفر تھنگل (کیرالہ)

اگر بات کرتے ہیں  یمنی سنی  عالم دین، استاد اور دار المصطفی کے بانی و مہتمم عمر بن حفیظ کی تو وہ ابوظبی میں طابہ فاؤنڈیشن کی مجلس شوری کے رکن بھی رہ چکے ہیں، عمر بن حفیظ نے ایک تعلیمی ادارہ دار المصطفی قائم کیا۔ حبیب فی الحال تریم میں رہتے ہیں ، جہاں وہ دار المصطفی اور ان کے زیر انتظام قائم کیے گئے مدارس کے نگراں ہیں۔ نیو یارک ٹائمز نے دار المصطفی کا تعارف و تجزیہ پیش کیا ہے۔ اس مدرسہ متعدد ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہوتے ہیں ۔  جب کہ انڈونیشیا میں ان کے ممتاز طلبہ میں مرحوم حبیب منذر المساوى بھی شامل ہیں۔وہ خلیجی ممالک ، لبنان ، اردن، مصر ، مراکش ، الجزائر ، سوڈان ، مالی ، کینیا ، تنزانیہ ، جنوبی افریقہ ، جزائر قمر ، ہندوستان ، پاکستان ، سری لنکا ، انڈونیشیا ، ملیشیا ، سنگاپور ، برونائی ، آسٹریلیا ، برطانیہ ، فرانس ، جرمنی ، ہالینڈ ، بیلجیم ، ڈنمارک ، سویڈن اور اسپین۔ ان ممالک میں بہت سے علما کرام کی اسناد سے بلا واسطہ مربوط ہو گئے ۔

انسانیت اور شفقت کا پیغام

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ حبیب عمر بن حفیظ اور شیخ ابوبکر احمد مصلیار نے حال ہی میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہوئے نمشا پریا کی زندگی بچائی۔ ان کی پھانسی کو روکا گیا اور انصاف و رحمت کا ایسا راستہ نکالا گیا جو اسلام کے اصل پیغام،انسانیت، ہمدردی اور شفقتکو اجاگر کرتا ہے۔یہ تاریخی اجتماع اس عزم کی تجدید ہوگا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی تعلیما ت آج بھی پوری انسانیت کے لیے امن، اتحاد اور رہنمائی کا سرچشمہ ہیں

بیرونی علماء پر پابندی

 وزیر داخلہ جی. پرمیشور نے بدھ کے روز جوائنٹ میلاد کمیٹی کو یاد دہانی کرائی، جو 5 ستمبر کو شہر میں انٹرنیشنل میلادالنبی کانفرنس کی میزبانی کرنے جا رہی ہے، کہ غیر ملکیوں کو بھارت میں مذہبی پروگراموں میں شرکت یا تبلیغ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔منتظمین کے مطابق یہ پروگرام یہاں کے پیلس گراؤنڈ میں منعقد ہوگا جس میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ منتظمین نے یمن کے صوفی بزرگ حبیب عمر بن حفیظ کے ساتھ ساتھ بھارت کے گرینڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد مصلیار کو بھی مدعو کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس پروگرام کی نگرانی کرے گی تاکہ قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ پرمیشور نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا:’’ہم (پولیس) نے منتظمین کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ بھارتی قوانین میں غیر ملکیوں کے لیے مذہبی اجتماعات میں تبلیغ کرنے یا حصہ لینے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ غیر ملکی مذہبی علما کو مدعو کیا گیا تھا، لیکن پولیس نے منتظمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ انہیں مدعو نہ کریں تاکہ قواعد کی خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔ وزیر نے مزید کہا کہ فارن ریجنل رجسٹریشن آفس (FRRO) بھی اس پروگرام پر قریبی نظر رکھے گا۔

پروگرام پر اعتراض

 ہندو کارکن تیجس گوڑا نے بنگلورو پولیس کمشنر سیمنتھ کمار سنگھ کے پاس باضابطہ شکایت درج کرائی اور حکام سے اس پروگرام کے لیے اجازت نامہ منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ کمشنر سیمنتھ کمار سنگھ سے اپیل کی گئی ہے کہ اس پروگرام کے لیے اجازت نہ دی جائے۔اپنی شکایت میں گوڑا نے نشاندہی کی کہ بھارتی ویزا قوانین واضح طور پر سیاحتی، مذہبی تبلیغی یا کانفرنس ویزا پر آنے والے غیر ملکیوں کو مذہبی تبلیغ یا مذہبی خطابات کرنے سے منع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے بارے میں تقاریر کرنا ویزا قوانین کے تحت سختی سے ممنوع ہے۔ ایسی سرگرمیوں کی اجازت دینا نہ صرف قانون کی صریح خلاف ورزی ہوگی بلکہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ اور بھارت کی آئینی قدروں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہوگا-‘ہندو تنظیموں کا کہنا ہے کہ منتظمین مذہبی جشن کے نام پر پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ نام نہاد اسلام کانفرنس دراصل بھارت کے ویزا قوانین کو درکنار کرنے اور ایک مخصوص ایجنڈا چلانے کی کوشش ہے۔ جب ہماری حکومت صاف طور پر کہتی ہے کہ غیر ملکی مذہبی رہنما یہاں تبلیغ نہیں کر سکتے تو پھر خصوصی اجازت پر کیوں غور ہو رہا ہے؟ یہ کھلی خوشامدی سیاست ہے۔کئی دائیں بازو کی تنظیمیں اس پروگرام کی فوری منسوخی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہمات نے پہلے ہی ان اعتراضات کو تیز کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت اس "غیر قانونی مذہبی اجتماع" کی اجازت دیتی ہے تو بدامنی پھیل سکتی ہے۔

ابھرتے ہوئے تنازع پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ ڈاکٹر جی. پرمیشور نے کہا کہ حکومت نے ان خدشات کو نوٹ کر لیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس کمشنر نے پہلے ہی منتظمین کو ہدایات دے دی ہیں۔ غیر ملکی مذہبی رہنماؤں کو پروگرام میں شریک ہونے یا تقاریر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ویزا قوانین کی خلاف ورزی کی کسی بھی کوشش پر سخت کارروائی کی جائے گی۔پرمیشور نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت نے نگرانی سخت کر دی ہے اور انٹلیجنس ٹیموں کو اضافی طور پر تعینات کیا ہے تاکہ پروگرام پر قریبی نظر رکھی جا سکے۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ سدارامیاہ اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار خود پروگرام میں شریک ہوں گے۔ ہمارے اوپر دس گنا زیادہ ذمہ داری ہے، نہ صرف اس لیے کہ اپوزیشن تنقید کر رہی ہے بلکہ اس لیے بھی کہ ہم کسی بھی حال میں قانون شکنی کی اجازت نہیں دے سکتے۔‘‘