کولکاتا: مغربی بنگال کے ضلع پَشچم بردھمان میں ایک نجی میڈیکل کالج کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں اتوار کو تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ یہ اطلاع پولیس نے دی ہے۔ پولیس نے فی الحال گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
ایک پولیس افسر نے ’پی ٹی آئی-بھاشا‘ کو بتایا: "ہم نے اس معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے، اور ہم مزید تفصیلات بعد میں فراہم کریں گے۔" پولیس نے ہفتے کے روز بتایا تھا کہ اوڈیشہ کی ایک میڈیکل طالبہ کے ساتھ دُرگا پور میں کچھ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر زیادتی کی۔
یہ واقعہ جمعے کی رات اس وقت پیش آیا جب دوسرے سال میں زیرِ تعلیم طالبہ اپنے ایک دوست کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے لیے کالج کے احاطے سے باہر گئی تھی۔ متاثرہ لڑکی اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور وہ اپنا بیان پولیس کو دے چکی ہے۔
اس واقعے کے بعد ریاست کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور حزبِ اختلاف کے درمیان سیاسی بیان بازی شروع ہو گئی ہے۔ اوڈیشہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی سے مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔