نئی دہلی: مغربی بنگال کے ضلع جنوبی 24 پرگنہ میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ عصمت دری اور قتل کے معاملے میں گرفتار تین ملزمان کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) منگل کے روز باروئی پور میں جائے وقوعہ پر لے گئی، جہاں واردات کی کڑیوں کو جوڑتے ہوئے پورے واقعے کی ترتیب معلوم کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یہ جانکاری دی۔
تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ فرانزک ماہرین کی ایک ٹیم بھی موجود تھی، جس نے جاری تفتیش کے تحت جائے وقوعہ سے مزید شواہد اور نمونے جمع کیے۔ افسر کے مطابق یہ کارروائی ریلوے پٹری کے قریب اس مقام پر کی گئی، جہاں نابالغ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی گئی اور بعد ازاں اسے قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے گرفتار تینوں ملزمان کبیر ملا، آنند سردار اور دیباکر سردار کو جائے وقوعہ پر لے جا کر دو آزاد گواہوں کی موجودگی میں ان سے واردات کے مختلف مراحل کی نشاندہی کروائی اور پورے واقعے کی ترتیب بیان کرنے کو کہا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، "ملزمان کے بیانات کی تصدیق کرنے اور انہیں اب تک جمع کیے گئے شواہد سے ملانے کے لیے واقعے کی تفصیلی جانچ کی گئی۔ فرانزک ماہرین نے بھی جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور اضافی نمونے اکٹھا کیے، جنہیں سائنسی تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا۔"