کولکاتہ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں جمعرات کو زبردست ووٹنگ دیکھنے میں آئی۔ ریاست کی 294 نشستوں میں سے 152 نشستوں پر پہلے مرحلے میں 89.93 فیصد ووٹنگ ہوئی، جو تاریخ میں پہلی بار سب سے زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار شام 6 بجے تک کے ہیں اور ان میں تبدیلی ممکن ہے۔ ووٹنگ کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال کے عوام نے SIR کے خلاف زبردست ووٹنگ کی ہے، جبکہ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اب بنگال میں بی جے پی کی حکومت آنے والی ہے۔
بنگال میں ووٹنگ کا رجحان اتنا مضبوط رہا کہ دیگر تمام مسائل پس منظر میں چلے گئے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں 89.93 فیصد ووٹنگ ہوئی، جو 2021 کے 82.30 فیصد سے 7 فیصد سے زیادہ ہے اور ملک کی بلند ترین شرحوں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ صرف ایک انتخابی ہندسہ نہیں بلکہ اس گہری سیاسی سرگرمی اور سماجی بیداری کی علامت ہے جس نے اس الیکشن کو غیر معمولی بنا دیا ہے۔
یہ ریکارڈ خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے بعد سامنے آیا، جس میں 91 لاکھ ڈپلیکیٹ نام ہٹائے گئے تھے۔ کل 3.44 کروڑ ووٹرز میں سے 3.11 کروڑ نے ووٹ ڈالے۔ دوپہر 3 بجے تک ہی تقریباً 78 فیصد ووٹنگ ہو جانا اس بات کا اشارہ تھا کہ دن کے آخری گھنٹوں میں بڑا اضافہ ہوگا، اور ایسا ہی ہوا۔ یہ رجحان مغربی بنگال کی انتخابی فطرت کو بھی ظاہر کرتا ہے، جہاں دیہی علاقوں، خواتین اور دیر سے ووٹ ڈالنے والے گروپس کا بڑا کردار ہوتا ہے۔ پہلے مرحلے میں کل 152 اسمبلی نشستوں پر ووٹنگ ہوئی، جو 16 اضلاع میں پھیلی ہوئی ہیں۔
اتنے بڑے پیمانے پر انتخابی عمل کے باوجود ووٹنگ کی یہ بلند شرح ظاہر کرتی ہے کہ عوام اس انتخاب کو کتنی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ دن بھر کے رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ صبح سے ہی پولنگ اسٹیشنز پر لمبی قطاریں لگ گئیں تھیں۔ صبح 9 بجے تک ووٹنگ تقریباً 15 سے 18 فیصد کے درمیان تھی، جبکہ 11 بجے تک یہ 40 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ اس کے بعد دوپہر میں بھی رفتار برقرار رہی اور 3 بجے تک تقریباً 78 فیصد ووٹنگ ہو چکی تھی۔
یہ مسلسل بڑھتا ہوا گراف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ووٹرز میں کسی قسم کی بے رغبتی نہیں تھی بلکہ وہ منظم انداز میں ووٹ ڈالنے نکلے۔ علاقائی رجحانات سے واضح ہوا کہ شمالی بنگال اور سرحدی اضلاع میں سب سے زیادہ ووٹنگ ہوئی۔ کئی علاقوں میں دوپہر تک ہی 80 فیصد کے قریب ووٹنگ ریکارڈ ہو گئی، جو اپنے آپ میں ایک غیر معمولی بات ہے۔ دیہی اور سرحدی علاقوں میں روایتی طور پر زیادہ ووٹنگ ہوتی ہے، لیکن اس بار یہ رجحان مزید مضبوط نظر آیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دی اور ووٹنگ کے اب تک کے اعداد و شمار کو “تبدیلی کے لیے شاندار عوامی مینڈیٹ” کا اشارہ قرار دیا۔ انہوں نے ضلع ندیہ کے کرشن نگر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا اس بات کے لیے مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے انتخابات کے دوران کسی بڑی پرتشدد واقعہ کو ہونے نہیں دیا۔
مودی نے کہا، “بنگال میں گزشتہ 50 سال کے انتخابی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ تشدد کے واقعات نہایت کم رہے ہیں۔ ووٹنگ کے بارے میں اب تک جو معلومات مجھے ملی ہیں، اس سے مجھے پورا یقین ہے کہ یہ بنگال کے ووٹروں کی جانب سے تبدیلی کے حق میں ایک شاندار مینڈیٹ ہوگا۔” ملک کے دیگر حصوں میں ووٹنگ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ جب بھی عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلے ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی کو فیصلہ کن کامیابی حاصل ہوئی ہے۔