بنگال: پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کوپی ایم مودی نے ہری جھنڈی دکھائی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-01-2026
بنگال: پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کوپی ایم مودی نے ہری جھنڈی دکھائی
بنگال: پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کوپی ایم مودی نے ہری جھنڈی دکھائی

 



مالدہ: وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مالدہ ٹاؤن اسٹیشن سے ہوڑہ اور گوہاٹی (کاماکھیا) کے درمیان چلنے والی بھارت کی پہلی وندے بھارت سلیپر ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے یہاں سے گوہاٹی-ہاوڑہ وندے بھارت سلیپر ٹرین کی واپسی کو بھی ڈیجیٹل طور پر ہری جھنڈی دکھائی۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ٹرین کے اندر بچوں اور اسکول کے طلبہ سے بات چیت بھی کی۔ وزیرِ اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وندے بھارت سلیپر ٹرین کو جدید بھارت کی بڑھتی ہوئی نقل و حمل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ٹرین مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ ہوگی اور مسافروں کو “کم قیمت میں ہوائی سفر جیسا تجربہ” فراہم کرے گی۔ بیان میں کہا گیا،یہ ٹرین طویل فاصلے کے سفر کو تیز، محفوظ اور زیادہ سہل بنائے گی۔

وزیرِ اعظم مودی نے بتایا کہ اس کے علاوہ ہاوڑہ-گوہاٹی روٹ پر سفر کے وقت میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کی نمایاں کمی آئے گی، جس سے مذہبی سیاحت اور عام سیاحت کو بھی بڑا فروغ ملے گا۔ اس کے بعد وزیرِ اعظم مودی مالدہ میں ایک عوامی پروگرام میں شرکت کریں گے، جہاں وہ 3,250 کروڑ روپے کی ریلوے اور سڑک کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے اور کچھ منصوبوں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔

ان منصوبوں کا مقصد بنگال اور شمال مشرقی بھارت میں رابطہ بہتر بنانا اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم مودی مشرقی بھارت کے دو روزہ دورے پر ہیں، جس کے دوران وہ مغربی بنگال اور آسام میں انتخابی مہم کے ساتھ ساتھ مختلف بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔