کولکاتا: الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے بعد تیار کی گئی ووٹر فہرستوں کی مرحلہ وار اشاعت ہفتے کے روز شروع کر دی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، ریاست کی مسودہ ووٹر فہرست سے پہلے ہی حذف کیے گئے 58 لاکھ ناموں کے علاوہ مزید آٹھ لاکھ نام خارج کیے جانے کا امکان ہے۔ اس طرح ایس آئی آر کے نتیجے میں حذف شدہ ناموں کی مجموعی تعداد تقریباً 66 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
جاری فہرست کے مطابق، نومبر میں عمل شروع ہونے کے بعد ضلع ندیہ میں تقریباً 2.71 لاکھ ووٹروں کے نام خارج کیے گئے، جبکہ بانکوڑا میں 1.18 لاکھ نام کاٹے گئے۔ اپریل میں متوقع اسمبلی انتخابات سے قبل یہ تبدیلیاں خاصی اہمیت کی حامل ہیں۔ ایک افسر نے کہا کہ ناموں کی اصل تعداد کا حتمی اندازہ مکمل فہرست آن لائن جاری ہونے کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، شمالی کولکاتا حلقے میں ایس آئی آر کے دوران تقریباً 4.07 لاکھ نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے۔ اس علاقے میں سات اسمبلی حلقے شامل ہیں اور اس وقت ان پر ترنمول کانگریس کا قبضہ ہے۔ ان میں سے 3.90 لاکھ نام مسودہ مرحلے میں ہی حذف کر دیے گئے تھے، جبکہ حتمی فہرست میں مزید 17 ہزار نام خارج ہوئے۔ تاہم نئے شامل ہونے والے ووٹروں کی تعداد ابھی سرکاری طور پر واضح نہیں کی گئی۔
بانکوڑا ضلع میں ایس آئی آر کے آغاز پر ووٹروں کی تعداد 30,33,830 تھی، جو مسودہ فہرست میں کم ہو کر 29,01,009 رہ گئی۔ بعد ازاں سماعت اور جانچ کے بعد تقریباً 4 ہزار مزید نام ہٹا دیے گئے، جبکہ فارم 6 کے تحت چند ہزار نئے نام شامل بھی کیے گئے۔ حتمی فہرست میں اب تقریباً 29,15,000 ووٹر موجود ہیں، جو مجموعی طور پر 1.18 لاکھ کی خالص کمی کو ظاہر کرتا ہے۔
بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل ضلع ندیہ میں تقریباً 2.73 لاکھ نام خارج کیے گئے، جس کے بعد ووٹروں کی تعداد 41.45 لاکھ رہ گئی، جبکہ چار نومبر کو ایس آئی آر شروع ہونے کے وقت یہ تعداد 44.18 لاکھ تھی۔ 16 دسمبر کو جاری مسودہ فہرست میں یہ تعداد گھٹ کر 42,02,261 ہو گئی تھی۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار ضلع میں حتمی فہرست میں 11,96,651 نام شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 1,02,835 نام حذف کیے گئے۔ کئی اضلاع میں تازہ فہرستیں عوامی مقامات پر آویزاں کر دی گئی ہیں، تاہم اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کے پورٹل اور موبائل ایپ پر یہ فہرستیں تاحال آن لائن دستیاب نہیں ہو سکیں۔
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر نام اموات، نقل مکانی، ناموں کی تکرار یا پتہ نہ ملنے کی بنیاد پر خارج کیے گئے، جبکہ نئے نام مناسب تصدیق کے بعد شامل کیے گئے ہیں۔ دیگر اضلاع کی رپورٹیں ابھی آنا باقی ہیں اور مرحلہ وار فہرستوں کے اجراء کا سلسلہ جاری ہے۔ 16 دسمبر کو جاری مسودہ ووٹر فہرست میں 7.08 کروڑ ووٹروں کے نام شامل تھے، جنہیں تین زمروں — منظور شدہ، حذف شدہ اور زیرِ غور — میں تقسیم کیا گیا تھا۔
اس سے قبل ووٹروں کی تعداد 7.66 کروڑ تھی، جو کم ہو کر 7.08 کروڑ رہ گئی۔ ریاست میں ایس آئی آر 2002 کے بعد پہلا ریاست گیر جائزہ ہے۔ یہ عمل گزشتہ سال چار نومبر کو مردم شماری فارموں کی تقسیم کے ساتھ شروع ہوا تھا۔ سیاسی ہلچل، دستاویزی تصدیق کے قواعد میں تبدیلی اور قانونی چیلنجز کے باعث کمیشن کو عارضی طور پر فہرست مکمل کرنے اور حتمی مگر نامکمل فہرست جاری کرنے میں 116 دن لگے۔
دوسرے مرحلے میں 1.67 کروڑ ووٹروں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 1.36 کروڑ کے حوالے سے ’’منطقی بے ضابطگیاں‘‘ سامنے آئیں جبکہ 31 لاکھ ووٹروں کی دستاویزی مطابقت نہیں ہو سکی۔ تقریباً 60 لاکھ ووٹر اب بھی قانونی کارروائی کے دائرے میں ہیں۔ اس دوران ریاست بھر میں ضلعی انتخابی دفاتر اور سائبر کیفے کے باہر لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں، جہاں شہری اپنی تازہ ووٹر لسٹ میں نام چیک کرنے کے لیے جمع ہوتے رہے۔