نئی دہلی: مغربی بنگال کے محکمہ صحت نے بہار سے حاصل کی گئی مبینہ جعلی ڈگری کی بنیاد پر ریاست میں ڈاکٹر کے طور پر کام کرنے والے پانچ افراد کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایک سینئر افسر نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ ہاسپٹلس اینڈ نرسنگ ہومز (اے پی ایچ این) نے شکایت کی ہے کہ ان پانچوں ملزمان سے علاج کرانے والے کئی مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔ ملزمان میں سے دو شمالی 24 پرگنہ اور تین جنوبی 24 پرگنہ میں کام کر رہے تھے۔
ایسوسی ایشن کے سکریٹری راجیب پانڈے نے کہا کہ سرکاری صحت اسکیم ’سواستھ ساتھی‘ کے غلط استعمال کا بھی خدشہ ہے۔ ایسوسی ایشن نے الزام لگایا ہے کہ ان افراد نے بہار سے حاصل کی گئی مبینہ جعلی میڈیکل ڈگریوں اور دستاویزات کی بنیاد پر خود کو مغربی بنگال میڈیکل کونسل (ڈبلیو بی ایم سی) میں رجسٹرڈ کرایا۔ پانڈے نے کہا کہ یہ معاملہ اس وقت ایسوسی ایشن کے علم میں آیا، جب وہ مختلف اضلاع میں کمیٹیاں تشکیل دے رہی تھی۔