کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کے روز عوام کو ہندی دِوس کی دلی مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی حکومت تمام زبانوں کا احترام کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست میں ہندی بولنے والے افراد کی فلاح کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے کئی اقدامات کا ذکر بھی کیا، جن میں اُن علاقوں میں ہندی کو سرکاری زبان کے طور پر تسلیم کرنا بھی شامل ہے، جہاں 10 فیصد یا اس سے زیادہ آبادی ہندی بولتی ہے۔
ممتا بنرجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "آج ہندی دِوس ہے۔ اس موقع پر میں اپنے تمام ہندی بولنے والے بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتی ہوں۔ ہر سال ہم ہندی دِوس کو عقیدت کے ساتھ مناتے ہیں۔ ہم تمام زبانوں کا احترام کرتے ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "اس سلسلے میں، میں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ 2011 سے ہم نے ریاست میں ہندی بولنے والے لوگوں کی ترقی کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ جن علاقوں میں 10 فیصد سے زیادہ لوگ ہندی بولتے ہیں، وہاں ہندی کو سرکاری زبان کے طور پر اپنانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔"
اس موقع پر ممتا بنرجی نے ہندی اکیڈمی کے قیام، ہاوڑہ میں ہندی یونیورسٹی، بَنرہاٹ اور نکسل باڑی میں ہندی میڈیم کالج کے قیام، اور کئی کالجوں میں ہندی میں پوسٹ گریجویٹ کورسز شروع کرنے کا ذکر کیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ رابندر مکتی ودیالیہ (کھلا اسکول) میں ہائر سیکنڈری امتحان کے پرچے اور سیکنڈری امتحانات اب ہندی زبان میں دستیاب ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ غیر منظم شعبے (ان آرگنائزڈ سیکٹر) میں کام کرنے والے ہندی بولنے والے مزدوروں کے لیے سوشیل سیکیورٹی اسکیمز کو وسعت دی گئی ہے۔