بنگال:پہلے مرحلے میں بی جے پی 110 نشستیں جیت رہی ہے: امت شاہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-04-2026
بنگال:پہلے مرحلے میں بی جے پی 110 نشستیں جیت رہی ہے: امت شاہ
بنگال:پہلے مرحلے میں بی جے پی 110 نشستیں جیت رہی ہے: امت شاہ

 



کولکاتا: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ہی اپنی جیت یقینی بنا لی ہے اور پارٹی 23 اپریل کو ہوئے ووٹنگ میں 110 نشستیں حاصل کرے گی۔

شاہ نے ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو، خاص طور پر متوا برادری کے لیے، جلد نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا: “پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہو چکی ہے۔ پہلے ہی مرحلے میں بی جے پی 110 نشستیں جیتے گی اور (ممتا) دیدی اقتدار سے باہر ہو جائیں گی۔

بی جے پی یہاں حکومت بنائے گی۔” بنگال کی 294 اسمبلی نشستوں میں سے 152 پر 23 اپریل کو پہلے مرحلے میں ووٹنگ ہوئی، جس میں 92 فیصد سے زیادہ ٹرن آؤٹ درج کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں 142 نشستوں پر 29 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ شاہ نے سی اے اے کی مخالفت پر ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی حکومت پر متوا برادری کو شہریت کے حق سے محروم رکھنے اور انہیں خوف میں رکھنے کا الزام لگایا۔

انہوں نے کہا: “دیدی سی اے اے قانون کو نافذ نہیں ہونے دے رہی ہیں۔ آپ کمل (بی جے پی کا انتخابی نشان) کی حکومت بنائیں، اور پانچ مئی کے بعد بی جے پی حکومت یہ یقینی بنائے گی کہ متوا برادری کے ہر بھائی بہن کو شہریت ملے۔” بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والی ایک بااثر پناہ گزین برادری کا ذکر کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں متوا افراد کو غیر یقینی صورتحال میں نہیں رہنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا: “متوا برادری کے لوگوں کو اب خوف میں جینے کی ضرورت نہیں ہے۔” شاہ نے آر جی کر اسپتال معاملہ، سندیش کھلی اور کولکاتا کے ایک لا کالج میں مبینہ جرائم جیسے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے ترنمول کانگریس حکومت پر خواتین کی سلامتی کے حوالے سے سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا: “ترنمول کانگریس کے 15 سالہ دور حکومت میں سب سے زیادہ نقصان خواتین کو اٹھانا پڑا ہے۔

چاہے آر جی کر معاملہ ہو، سندیش کھلی یا جنوبی کولکاتا لا کالج کا واقعہ، ہر واقعے نے خواتین کی سلامتی یقینی بنانے میں ممتا دیدی کی حکومت کی مکمل ناکامی کو ظاہر کیا ہے۔” مرکزی وزیر نے ممتا بنرجی کے اس مبینہ بیان پر بھی اعتراض کیا جس میں انہوں نے خواتین کو شام سات بجے کے بعد گھر سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا تھا۔

شاہ نے کہا کہ ایسے بیانات حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا:دیدی کہتی ہیں کہ خواتین کو شام سات بجے کے بعد باہر نہیں نکلنا چاہیے، لیکن پانچ مئی کے بعد جب بی جے پی کی حکومت بنے گی، اگر کوئی لڑکی رات ایک بجے بھی باہر نکلے تو کوئی اس کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی ہمت نہیں کرے گا۔