کولکاتہ:ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی رکنِ پارلیمان مہوا موئترہ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف ایک ایسا بیان دیا ہے جس پر وہ تنازعات میں گھِر گئی ہیں۔ ٹی ایم سی کی ایم پی نے کہا کہ امیت شاہ کو اپنا سر کاٹ کر وزیر اعظم نریندر مودی کی میز پر رکھ دینا چاہیے۔
ان کے اس بیان کے بعد کرشنا نگر کوتوالی تھانے میں بی جے پی رہنما نے شکایت درج کرائی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مہوا موئترہ نے یہ بات منگل (26 اگست) کو مغربی بنگال میں غیر قانونی دراندازی کے مسئلے پر جواب دیتے ہوئے کہی، جس کے بعد وہ تنازع میں آ گئیں۔ وہ کرشن نگر میں خطاب کر رہی تھیں اور اسی دوران وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر سخت حملہ کیا۔
مہوا موئترہ نے کہا، ’’ہمارا موقف بالکل صاف ہے۔ ہماری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پانچ افواج تعینات ہیں، جو براہِ راست وزارتِ داخلہ اور وزیر داخلہ کے ماتحت آتی ہیں۔ جب وزیر اعظم 15 اگست کو لال قلعہ سے آبادی میں تبدیلی اور دراندازی کے مسائل پر بول رہے تھے تو پہلی قطار میں بیٹھے ان کے اپنے وزیر داخلہ بے شرمی سے تالیاں بجا رہے تھے اور مسکرا رہے تھے۔‘‘
ٹی ایم سی رکن پارلیمان نے مزید کہا، ’’میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ اگر ہماری بین الاقوامی سرحدوں کی حفاظت کرنے والا کوئی نہیں ہے، اور دوسرے ممالک کے لاکھوں لوگ یہاں آکر بس رہے ہیں، ہماری ماں بہنوں پر بُری نظر ڈال رہے ہیں اور ہماری زمینیں چھین رہے ہیں، تو پھر امیت شاہ کو سب سے پہلے اپنا سر کاٹ کر وزیر اعظم کی میز پر رکھ دینا چاہیے۔‘‘
مہوا موئترہ نے مزید کہا، ’’اگر وزیر داخلہ اور ان کی وزارت سرحدوں کی حفاظت نہیں کر سکتی اور خود وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ باہر کے لوگ آ کر ہماری ماں بہنوں کو دیکھ رہے ہیں، ہماری زمینیں چھین رہے ہیں... تو اس کا ذمہ دار کون ہے؟‘‘ خیال رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی دیکھنے کو ملی ہے۔ اس حوالے سے مہوا موئترہ نے کہا، ایک وقت تھا جب بنگلہ دیش ہمارا دوست ملک تھا، لیکن آپ (حکومت) کی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں میں یہ صورتحال بدل گئی ہے۔