نئی دہلی
دارالحکومت دہلی میں ہر چوراہے، بازار یا سڑک کے کنارے بھکاریوں کا نظر آنا اب ایک عام بات بن گئی ہے۔ بڑی تعداد میں بھیک مانگنے والے لوگ شہر کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔ تاہم مرکزی حکومت اس مسئلے کے حل کے لیے ایک بڑا منصوبہ لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے لوک سبھا میں معلومات دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی راجدھانی دہلی میں سڑکوں اور ریڈ لائٹس پر بھیک مانگنے کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے دہلی پولیس مسلسل فعال اقدامات کر رہی ہے۔
مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے رکن پارلیمنٹ وی۔ ایس۔ متھیسورن کی جانب سے بھکاریوں سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ خاص طور پر ٹریفک سگنلز اور اہم چوراہوں پر بھیک مانگنے کو روکنے کے لیے مختلف سطحوں پر کارروائی کی جا رہی ہے۔
حکومت کے مطابق دہلی پولیس وقتاً فوقتاً خصوصی مہم (اسپیشل ڈرائیو) چلا کر ٹریفک سگنلز اور جنکشنز سے بھکاریوں کو ہٹاتی ہے۔ اس کے علاوہ بھیک مانگنے کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے حساس ریڈ لائٹس پر مصروف اوقات کے دوران پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی کی جاتی ہے۔
بھکاریوں کو صرف ہٹایا ہی نہیں جائے گا بلکہ بازآبادکاری کی بھی کوشش
وی۔ ایس۔ متھیسورن نے یہ بھی کہا کہ یہ منصوبہ صرف بھکاریوں کو ہٹانے تک محدود نہیں ہے بلکہ ان کی بازآبادکاری پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ دہلی پولیس، دہلی حکومت کے محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ تال میل قائم کر کے بھکاریوں اور بے گھر افراد کو شیلٹر ہومز میں منتقل کرتی ہے۔ اسی طرح کی مہم چلا کر دہلی کو اس مسئلے سے کافی حد تک نجات دلائی جا سکتی ہے۔
سی سی ٹی وی کے ذریعے نگرانی
اس کے ساتھ ہی دہلی کے اہم چوراہوں پر سی سی ٹی وی نگرانی کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی طرح کی بدنظمی یا پریشانی کو بروقت روکا جا سکے۔ حکومت نے اشارہ دیا ہے کہ دارالحکومت میں بھیک مانگنے کے رجحان کو قابو میں رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات اور نگرانی دونوں سطحوں پر مسلسل کارروائی جاری رہے گی۔