پٹنہ: بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل ایک کے بعد ایک بڑے اعلانات سامنے آ رہے ہیں۔ منگل کو بہار کابینہ کی میٹنگ میں 26 ایجنڈوں کو منظوری دی گئی۔ کابینہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ فیلوشپ اسکیم، 176 نئے تھانوں میں سی سی ٹی وی، نوجوانوں کے لیے نئی نوکریاں، 8053 پنچایتوں میں شادی ہال، پٹنہ میں جیونیکا بھون، آنگن باڑی سیوکاؤں کا اعزازیہ بڑھانے سمیت 26 ایجنڈوں کو منظور کیا گیا۔
بہار کے ہر عمر کے شہریوں کے لیے یہ انتخابات سے پہلے بڑی سوغات ہے۔ بہار میں بے روزگاری ایک اہم مسئلہ ہے۔ ایسے میں نتیش کابینہ کی میٹنگ میں نوجوانوں کے لیے روزگار سے متعلق فیصلے لیے گئے ہیں۔ محصول و زمین اصلاحات محکمہ میں 8463 محصول ملازمین کے عہدے منظور ہیں، لیکن اب 3303 اضافی عہدے تخلیق کیے گئے۔
نتیش کابینہ نے بہار کی 8053 پنچایتوں میں شادی ہال تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ کنیا شادی منڈپ اسکیم کے تحت 50 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے۔ کابینہ میں سب سے بڑا فیصلہ آنگن باڑی ورکرس اور ہیلپرز کے لیے لیا گیا۔ آنگن باڑی ورکرس کا اعزازیہ 7,000 روپے سے بڑھا کر 9,000 روپے اور آنگن باڑی ہیلپرز کا اعزازیہ 4,000 روپے سے بڑھا کر 4,500 روپے کر دیا گیا۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو ہی ’ایکس‘ پر پوسٹ شیئر کر کے اس کی اطلاع دی تھی۔ بہار کے نئے تھانوں میں اب سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے جائیں گے۔ نتیش کابینہ کی میٹنگ میں 280 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ 176 تھانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، ڈیش بورڈ کی تعمیر اور مستقبل کے نئے تھانوں میں بھی سی سی ٹی وی لگائے جا سکیں۔
بہار کے 6 بڑے شہروں،پٹنہ، گیاجی، چھپرا، سہرسا، بھاگلپور اور بیگوسرائے میں سدگرو فاؤنڈیشن کو شمشان گھاٹ کے لیے لیز پر زمین دینے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔