طلبہ کے طرزِ عمل کو کنٹرول کرنے کا بی سی آئی کو اختیار نہیں: سپریم کورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
طلبہ کے طرزِ عمل کو کنٹرول کرنے کا بی سی آئی کو اختیار نہیں: سپریم کورٹ
طلبہ کے طرزِ عمل کو کنٹرول کرنے کا بی سی آئی کو اختیار نہیں: سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ بار کونسل آف انڈیا (بی سی آئی) کے پاس قانون کے طلبہ کے طرزِ عمل کو کنٹرول کرنے کی قانونی طاقت نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ طلبہ کے خلاف کارروائی کرنا متعلقہ تعلیمی ادارے کا اختیار ہے اور وہ اپنے قوانین کے مطابق اس سلسلے میں فیصلہ کرسکتا ہے۔

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا کی بنچ نے یہ حکم حیدرآباد کی نلسار یونیورسٹی کے طلبہ کے خلاف بی سی آئی کی کارروائی سے متعلق تنازع کی سماعت کے دوران دیا۔ طلبہ نے یونیورسٹی کے کانووکیشن میں چیف جسٹس سوریہ کانت کی شرکت پر اعتراض کیا تھا۔ بنچ نے نلسار تنازع کے سلسلے میں بی سی آئی کی جانب سے جاری دونوں نوٹیفکیشن منسوخ کر دیے۔

تاہم، تنقید کے بعد بی سی آئی نے دونوں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے چند ہی گھنٹوں کے اندر واپس لے لیے تھے۔ بنچ نے واضح کیا کہ جب تک طلبہ وکیل نہیں بن جاتے اور قانونی پیشے کے قانونی دائرۂ کار میں نہیں آتے، بی سی آئی ان پر ضابطہ جاتی کنٹرول نہیں کرسکتا۔ عدالت نے کہا کہ طلبہ کے طرزِ عمل کے سلسلے میں ان کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنا متعلقہ تعلیمی ادارے کا معاملہ ہے، جسے اپنے قوانین اور ضوابط کے تحت اس پر غور کرنا ہوگا۔

یہ تنازع 14 اگست کو اس وقت شروع ہوا، جب بی سی آئی نے ریاستی بار کونسلوں کو ہدایت دی تھی کہ اگلے حکم تک نلسار کے 2026 بیچ کے فارغ التحصیل طلبہ کا بطور وکیل اندراج نہ کیا جائے۔ یہ کارروائی چیف جسٹس سوریہ کانت کے یونیورسٹی کے مجوزہ دورے کے خلاف چلائی گئی مہم سے متعلق الزامات کے بعد کی گئی تھی۔

معاملہ سپریم کورٹ میں پہنچنے کے بعد چیف جسٹس نے بی سی آئی کی مداخلت پر سخت ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’یہ طلبہ اور میرے درمیان بات چیت کا معاملہ ہے۔ بی سی آئی مداخلت کرنے والا کون ہوتا ہے؟ یہ پوری طرح غیر ضروری ہے۔‘‘