بی سی سی آئی کوراحت، آر ٹی آئی کے دائرے سے خارج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2025
بی سی سی آئی کوراحت، آر ٹی آئی کے دائرے سے خارج
بی سی سی آئی کوراحت، آر ٹی آئی کے دائرے سے خارج

 



نئی دہلی: کھیل کی مرکزی وزارت نے قومی کھیل انتظامیہ بل میں آر ٹی آئی (اطلاعات کا حق) سے متعلق دفعہ میں ترمیم کی ہے، جس کے تحت اب صرف وہی ادارے آر ٹی آئی کے دائرے میں آئیں گے جو سرکاری گرانٹ یا امداد پر انحصار کرتے ہیں۔ اس ترمیم سے بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کو بڑی راحت ملی ہے۔

کھیل کے وزیر منسُکھ مانڈویہ نے 23 جولائی کو لوک سبھا میں یہ بل پیش کیا تھا، جس کی دفعہ 15(2) میں کہا گیا ہے کہ:کسی بھی تسلیم شدہ کھیل تنظیم کو، اس ایکٹ کے تحت اپنے فرائض، اختیارات اور ذمہ داریوں کے سلسلے میں، اطلاعات کا حق ایکٹ 2005 کے تحت ایک عوامی اتھارٹی تصور کیا جائے گا۔

آر ٹی آئی کا معاملہ بی سی سی آئی کے لیے ہمیشہ ایک پیچیدہ مسئلہ رہا ہے، کیونکہ وہ دیگر قومی کھیل فیڈریشنز (NSFs) کے برخلاف، حکومت سے مالی مدد نہیں لیتا۔ بل میں کی گئی ترمیم نے اس الجھن کو ختم کر دیا ہے۔ ایک باخبر ذریعے نے بتایا:ترمیم شدہ دفعہ میں ‘عوامی اتھارٹی’ کی تعریف واضح کر دی گئی ہے، اور اسے صرف ایسی تنظیم کے طور پر مانا گیا ہے جو سرکاری فنڈنگ یا امداد پر انحصار کرتی ہو۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ وضاحت نہ کی جاتی تو یہ بل ایک غیر واضح قانونی دائرے میں چلا جاتا، جس کی وجہ سے اسے عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا تھا یا منظوری میں رکاوٹ آ سکتی تھی۔ اسی لیے اب صرف عوامی فنڈنگ سے جڑی تنظیمیں ہی آر ٹی آئی کے تحت آئیں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا:اگر کوئی قومی فیڈریشن مالی امداد نہیں بھی لیتا، لیکن اگر اس کے ٹورنامنٹس یا سرگرمیوں میں حکومت کی کسی بھی شکل میں مدد شامل ہے  جیسے انفراسٹرکچر یا دیگر سہولتیں تو ایسے میں اس سے سوالات کیے جا سکتے ہیں۔ بی سی سی آئی نے پہلے کہا تھا کہ وہ اس بل پر تبصرہ کرنے سے پہلے اس کا مطالعہ کرے گا۔

یہ بھی قابل ذکر ہے کہ کرکٹ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ٹی-20 فارمیٹ کے ساتھ شامل ہونے جا رہا ہے، اس لیے بی سی سی آئی کو خود کو قومی کھیل فیڈریشن (NSF) کے طور پر رجسٹر کرانا لازمی ہوگا۔ اس بل کا ایک اور اہم پہلو "قومی کھیل ٹریبونل" (National Sports Tribunal) ہے، جسے دیوانی عدالت کے مساوی اختیارات حاصل ہوں گے۔ یہ ٹریبونل فیڈریشنز اور کھلاڑیوں کے درمیان انتخاب، انتخابی عمل، اور دیگر تنازعات کو حل کرے گا۔

ایک بار یہ ٹریبونل قائم ہو جانے کے بعد، اس کے فیصلوں کو صرف سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جا سکے گا۔ بل میں کھیلوں کے منتظمین کے لیے عمر کی حد کے حوالے سے بھی کچھ رعایتیں دی گئی ہیں۔ اب 70 سے 75 سال کی عمر کے افراد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے گی، بشرطیکہ متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں کے قوانین اس کی اجازت دیتے ہوں۔ یاد رہے کہ موجودہ نیشنل اسپورٹس کوڈ میں انتخابی اہلیت کے لیے عمر کی حد 70 سال مقرر ہے۔