خلیج بنگال:ہوا کا دباؤ آج طوفان کی شکل اختیار کرلے گا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-05-2021
طوفان کا خطرہ
طوفان کا خطرہ

 

 

آواز دی وائس: نئی دہلی

خلیج بنگال کے وسط مشرق میں ہوا کا دباؤ مزید شدت اختیار کرکے گہرے دباؤ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ آج سمندری طوفان کی شکل میں بدل جائے گا اور کَل مزید شدید انتہائی سمندری طوفان میں تبدیل ہوجائے گا۔ محکمۂ موسمیات نے کہاہے کہ یہ بدھ کو شمالی اڈیشہ ۔ مغربی بنگال ساحل کو پار کرسکتا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یہ اب تقریباً 540 کلو میٹر دور اڈیشہ میں پارادیپ کے جنوب جنوب مشرق میں مرکوز ہے۔ اڈیشہ سرکار ممکنہ سمندری طوفان سے نمٹنے کیلئے سبھی احتیاطی اقدامات کرنے کیلئے تیار ہے۔ سرکار کی ترجیح یہ ہوگی کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سمیت حساس علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو تیزی سے نکالا جائے۔ سرکار نے ضروری سازوسامان کے ساتھ سا ئیکلون سینٹر کیلئے مناسب انتظامات بھی کیے ہیں۔ اِس بات پر بھی توجہ دی جارہی ہے کہ متوقع سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں میں کووڈ-19 کی سہولتوں کے بلا رکاوٹ کام کاج کو یقینی بنایا جائے۔

فوج کی تیاری

 مسلح افواج نے سمندری طوفان یاس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ امکان ہے کہ یہ سمندری طوفان بدھ کے روز مشرقی ساحل سے ٹکرائے گا۔ فضائیہ کے مال بردار جہازوں نے جام نگر، وارنسی، پٹنہ اور اراکولم سے قدرتی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس کے 950 اہلکاروں اور 17ٹن سامان کو کولکاتہ، بھونیشور اور پورٹ بلیئر پہنچایا ہے۔ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 16 ایئرکرافٹ اور 26 ہیلی کاپٹر فوری تعیناتی کیلئے تیار رکھے گئے ہیں۔ بحریہ نے انسانی امداد اور آفات راحت کی دس کھیپ بھونیشور اور کولکاتہ بھیجی ہیں۔ پانچ کھیپ پورٹ بلیئر میں تیار رکھی گئی ہیں۔ مشرقی کمان اور انڈمان ونکوبار کمان کے 8 جہاز راحت پہنچانے کیلئے مہیا کرائے گئے ہیں۔ چار غوطہ خور اور دس سیلاب راحتی دستے کولکاتہ، بھونیشور اور چِلکا میں تعینات کئے گئے ہیں۔ یہ دستے بہت کم وقت میں بلانے پر سول انتظامیہ کو دستیاب ہوں گے۔

ایر فورس بھی تیار 

فضائیہ نے پٹنہ اور وارانسی سے پانچ سی -130 ٹرانسپورٹ طیاروں کے ذریعہ این ڈی آر ایف کے 21ٹن راحت اور بچاو سامان کولکاتہ کے ساحل پر پہنچا دیئے ہیں۔ اسی طرح ، این ڈی آر ایف کے 334 اہلکاروں کو ارکونم (تمل ناڈو) سے پورٹ بلیئر تک ایئر لفٹ کیا ہے۔ فضائیہ نے طوفان تاو تے کے دوران 21مئی سے اب تک 606ملازمین اور این ڈی آر ایف کے 57 ٹن بوجھ کو ایئر لفٹ کیا ہے ۔ فضائیہ کے ایک سی ۔17،03سی۔130اور02 اے اے این ۔32 ٹرانسپورٹ طیاروں کے ذریعہ جام نگر (گجرات) سے بھونیشور اور کولکاتہ کے لئے 03سی ۔130 اور ایک آئی ایل ۔76طیاروں سے این ڈی آر ایف اہلکاروں کو ایئر لفٹ کیا ہے ۔ فضایہ نے طوفان تاوتے سے مقابلہ کرنے کے لئے بھی جزیرہ نما بھارت میں 16ٹرانسپورٹ طیاروں اور 18ہیلی کاپٹروں کو تعینات کیا تھا۔