بانسوری سوراج پر قومی ترانے کی توہین کا الزام

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-09-2025
بانسوری سوراج پر قومی ترانے کی توہین کا الزام
بانسوری سوراج پر قومی ترانے کی توہین کا الزام

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ بانسری سشما سوراج پر قومی ترانے کی توہین کا الزام لگایا گیا ہے۔ بانسری سوراج کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ قومی ترانہ درمیان میں چھوڑ کر اپنی جگہ سے کہیں اور چلی جاتی ہیں۔ کانگریس کے رہنماؤں نے بانسری پر قومی ترانے کی توہین کا الزام لگایا تھا۔ الزامات پر وضاحت دیتے ہوئے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو ویڈیو پھیلایا جا رہا ہے وہ ادھورا ہے اور ویڈیو کی حقیقت کچھ اور ہے۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اپنے اوپر لگائے گئے قومی ترانے کے الزامات پر صفائی دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو ادھورا ہے۔ انہوں نے ویڈیو کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا کہ میں درخواست کرنے گئی تھی کہ قومی ترانہ مکمل اور صحیح طریقے سے گایا جائے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مکمل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکمل ویڈیو ہے، جہاں ہم نے فخر اور پورے احترام کے ساتھ قومی ترانہ مکمل گایا۔
کانگریس رہنما نے شیئر کیا ادھورا ویڈیو
کانگریس رہنما سورندر راجپُر نے ادھورا وائرل ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پر قومی ترانے کی توہین کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے لکھا کہ رکن پارلیمنٹ قومی ترانے کی بے عزتی کر رہی ہیں۔ آگے انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ انہیں جیل بھیج دیجیے، ورنہ مان لیں گے کہ آپ ملک میں دو آئین چلا رہے ہیں، ایک عام انسان کے لیے اور دوسرا بی جے پی والوں کے لیے۔
بانسری سشما سوراج کون ہیں؟
بانسری سوراج مرحومہ بی جے پی رہنما سشما سوراج کی بیٹی ہیں، جو سابق وزیر خارجہ رہ چکی ہیں۔ انہوں نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے سیاست میں قدم رکھا اور نئی دہلی سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔ انہوں نے اپنی گریجویشن کی پڑھائی واروک یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں کی اور بعد میں لندن کے ایک لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ بانسری نے اپنی پوسٹ گریجویشن کی تعلیم آکسفورڈ یونیورسٹی سے مکمل کی۔ بانسری کو قانونی پیشے میں 15 سال کا تجربہ ہے۔