اگلے پانچ برسوں میں بستر ڈویژن ترقی یافتہ قبائلی علاقہ بن جائے گا: امیت شاہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-12-2025
اگلے پانچ برسوں میں بستر ڈویژن ترقی یافتہ قبائلی علاقہ بن جائے گا: امیت شاہ
اگلے پانچ برسوں میں بستر ڈویژن ترقی یافتہ قبائلی علاقہ بن جائے گا: امیت شاہ

 



رائے پور: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت نے چھتیس گڑھ کے سات اضلاع پر مشتمل بستر ڈویژن کو آئندہ پانچ برسوں میں ملک کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ قبائلی علاقہ بنانے کا عزم کیا ہے۔

شاہ نے کہا کہ نکسلواد سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا—نہ ہتھیار اٹھانے والوں کو اور نہ ہی سکیورٹی اہلکاروں کواور صرف امن ہی ترقی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ 31 مارچ 2026 تک ملک سے نکسلواد کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

شاہ نے ریاست کے بستر ضلع کے صدر مقام جگدل پور میں اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں منعقد بستر اولمپک-2025 کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ماؤوادیوں سے اپیل کی کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 31 مارچ 2026 سے پہلے پورے ملک سے ’لال دہشت‘ کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ہدف اب حصول کے قریب ہے۔

شاہ نے کہا، آج جب میں بستر آیا ہوں تو مجھ سے زیادہ خوش کوئی نہیں ہو سکتا۔ ہم نے طے کیا تھا کہ 31 مارچ 2026 سے پہلے پورے ملک سے لال دہشت کا خاتمہ کر دیں گے، اور آج بستر اولمپک 2025 میں ہم اس کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ میں 2024 میں بھی آیا تھا، 2025 میں بھی آیا ہوں اور 2026 میں بھی آؤں گا—یہ میرا وعدہ ہے۔ لیکن جب میں 2026 میں بستر اولمپک کے لیے پہنچوں گا، تب تک چھتیس گڑھ اور پورے ملک سے نکسلواد کا صفایا ہو چکا ہوگا۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بستر ڈویژن کے سات اضلاع—کانکیر، کونڈاگاؤں، بستر، سُکما، بیجاپور، نارائن پور اور دانتے واڑہ—کو دسمبر 2030 تک ملک کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ قبائلی اضلاع کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومتیں ان اضلاع کے ہر گھر کے لیے رہائش، بجلی، بیت الخلا، نل کا پانی، رسوئی گیس کنکشن، پانچ کلو مفت اناج اور پانچ لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ بستر ڈویژن ملک کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ قبائلی علاقہ ہوگا۔ یہاں ہر گاؤں سڑکوں سے منسلک ہوگا، بجلی دستیاب ہوگی، پانچ کلو میٹر کے دائرے میں بینکنگ سہولتیں ہوں گی اور بنیادی و کمیونٹی صحت مراکز کا مضبوط نیٹ ورک قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا، نکسلواد کا خاتمہ ہمارا ہدف ضرور ہے، مگر کیوں؟ اس لیے کہ نکسلواد اس خطے کی ترقی پر ناگ بن کر بیٹھا ہوا تھا۔ نکسلواد کے خاتمے کے ساتھ ہی یہاں ترقی کا ایک نیا آغاز ہوگا۔

وزیر اعظم نریندر مودی جی اور وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائیں جی کی قیادت میں یہ سب سے زیادہ ترقی یافتہ علاقہ بنے گا۔اس پر مجھے پورا یقین ہے۔ شاہ نے کہا، میں اس اسٹیج سے جس پختگی کے ساتھ یہ کہنا چاہتا ہوں کہ 31 مارچ 2026 کو یہ ملک نکسلواد سے پاک ہوگا، اسی قدر عاجزی کے ساتھ اپیل بھی کرتا ہوں کہ جو لوگ ابھی بھی گمراہ ہو کر ہتھیار اٹھائے بیٹھے ہیں۔ہتھیار ڈال دیجیے، بازآبادکاری پالیسی سے فائدہ اٹھائیے، اپنے اور اپنے خاندان کی بھلائی میں لگ جائیے اور ترقی یافتہ بستر کے عزم کے ساتھ جڑ جائیے۔

انہوں نے کہا، نکسلواد سے کسی کا بھلا نہیں ہوتا۔نہ نکسلواد کے لیے ہتھیار اٹھانے والوں کا، نہ قبائلیوں کا اور نہ ہی سکیورٹی فورسز کا۔ امن ہی ترقی کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ شاہ نے گمراہ نوجوانوں سے بازآبادکاری پالیسی سے فائدہ اٹھانے اور باعزت زندگی گزارنے کی اپیل کی۔ بستر میں تبدیلی کو اجاگر کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ خوف کی جگہ اب امید نے لے لی ہے؛ جہاں کبھی گولیوں کی آوازیں گونجتی تھیں، وہاں اب اسکولوں کی گھنٹیاں بجتی ہیں، اور جہاں ترقی کبھی دور کا خواب تھی، وہاں اب سڑکیں، ریلوے لائنیں اور شاہراہیں تعمیر ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’لال سلام‘ کے نعروں کی جگہ اب ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگ رہے ہیں، جو ایک بڑی تبدیلی کی علامت ہے۔ شاہ نے کہا، ہم سب ترقی یافتہ بستر کے لیے پُرعزم ہیں۔ اس مہم میں چھتیس گڑھ حکومت اور مرکزی حکومت نے صرف مسلح کیڈرز کے ساتھ مقابلہ اور انہیں مارنے کا ہدف نہیں رکھا۔ گزشتہ دو برسوں میں دو ہزار سے زائد نکسلیوں نے ہتھیار ڈالے ہیں۔ آج میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے قبائلی سماج کے رہنماؤں نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔