بریلی : مولانا توقیررضا پر ایک اور مقدمہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-12-2025
بریلی : مولانا توقیررضا پر ایک اور مقدمہ
بریلی : مولانا توقیررضا پر ایک اور مقدمہ

 



بریلی (اتر پردیش): بریلی میں زمین کے تنازع سے جڑے 26 ستمبر کو پیش آئے تشدد کے معاملے میں جیل میں بند اتحادِ ملت کونسل (آئی ایم سی) کے صدر مولانا توقیر رضا کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔

بریلی کے عزت نگر تھانے میں ہفتہ کو درج کرائی گئی رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ مولانا توقیر رضا، ان کے بہنوئی محسن رضا اور آٹھ دیگر ملزمان نے 95 سالہ بزرگ مقدر بیگ کی زمین پر ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ مخالفت کرنے پر ملزمان نے گزشتہ 7 دسمبر کو گھر میں گھس کر اہلِ خانہ کو دھمکایا اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کی، جس کے بعد خاندان کو مسلسل ذہنی اذیت دی جاتی رہی۔

پولیس ذرائع نے درج رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ملزمان کی ہراسانی سے تنگ آ کر مقدر بیگ کے بیٹے شاکر بیگ نے زہریلا مادہ کھا لیا۔ انہیں تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوراگ آریہ نے بتایا کہ عزت نگر تھانے میں شاکر بیگ کی بیٹی لائبہ کی شکایت پر ہفتہ کو مولانا توقیر رضا، ان کے بہنوئی محسن رضا اور ان کے ساتھیوں شارق بیگ، توفیق بیگ، شاہد بیگ، شاویر، صادق، اکرام بیگ، عرفان بیگ اور وکی نامی ملزمان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 318(4) (دھوکہ دہی)، 333 (حملہ)، 352 (امن میں خلل ڈالنے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین)، 351(3) (مجرمانہ دھمکی)، 75 (جنسی ہراسانی) اور 61(2) (مجرمانہ سازش) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے بیانات درج کیے جا رہے ہیں۔ تمام حقائق کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے گی اور جو بھی ملزم قصوروار پائے جائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ضلع اسپتال میں زیرِ علاج شاکر بیگ نے بتایا کہ ان کے والد مقدر بیگ انتہائی ضعیف العمر ہیں اور طویل عرصے سے بیمار ہیں۔

اسی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مولانا توقیر رضا اور ان کے بہنوئی محسن رضا نے مبینہ طور پر سازش رچی۔ شاکر بیگ کے مطابق، رشتے میں بھائی لگنے والے شاریق بیگ، توفیق بیگ، شاہد بیگ، شاویر اور صادق بیگ نے مل کر مولانا توقیر کے اشارے پر زمین زبردستی اپنے نام کرانے کا دباؤ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ زمین پر قبضہ کرنے کے لیے ملزمان نے خاندان کو ڈرایا دھمکایا اور جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دیں، جس سے تنگ آ کر انہوں نے 11 دسمبر کو زہریلا مادہ کھا لیا۔