بریلی:آئی لومحمدکے بینر کے ساتھ احتجاج،ہنگامہ، توقیررضانظر بند

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-09-2025
بریلی:آئی لومحمدکے بینر کے ساتھ احتجاج،ہنگامہ، توقیررضانظر بند
بریلی:آئی لومحمدکے بینر کے ساتھ احتجاج،ہنگامہ، توقیررضانظر بند

 



بریلی: بریلی میں جمعہ کے روز جمعہ کی نماز کے بعد مسلم کمیونٹی کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں "آئی لو محمد" لکھے پوسٹرز اور بینرز کے ساتھ سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ ساتھ ہی مولانا توقیر رضا کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔

شام گنج میں پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران ایس پی کرائم کے ساتھ کچھ جھڑپیں بھی ہوئیں، لیکن جلوس کی شکل میں بھیڑ نعرے بازی کرتے ہوئے آگے بڑھتی رہی۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے شام گنج میں پولیس نے دکانیں بھی بند کروا دی تھیں۔

نو محلہ مسجد کے باہر بھی سینکڑوں لوگ جمع ہوئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ مظاہرے کے پیش نظر شہر میں سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے۔ اتحادِ ملت کونسل (IMC) کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان کے اعلان کے بعد سے شہر میں گہماگہمی کا ماحول رہا۔ مولانا نے آئی لو محمد معاملے میں ڈی ایم کے ذریعے صدر مملکت کو ایک درخواست نامہ بھیجنے کی بات کی تھی۔

درخواست نامے میں لوگوں سے پرامن طریقے سے حصہ لینے کی اپیل کی گئی۔ اس کے پیش نظر جمعرات کی شام سے ہی شہر میں چوکسی بڑھا دی گئی تھی۔ جمعہ کی صبح سے ہی اسلامیہ میدان اور بہار پور کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا۔ شام گنج منڈی والے روڈ پر بیریکیڈنگ کی گئی اور بھاری فورس تعینات کی گئی۔ سلیانی علاقہ بند رہا۔ دوپہر کے وقت لوگ گھروں سے نکلنے لگے اور جمعہ کی نماز کے بعد جلوس کی شکل میں نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔