مولانا توقیر رضا اور 37 دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-12-2025
مولانا توقیر رضا اور 37 دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل
مولانا توقیر رضا اور 37 دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل

 



بریلی/ آواز دی وائس
بریلی میں 26 ستمبر کو ہوئی تشدد کے معاملے میں مرکزی ملزم مولوی توقیر رضا اور دیگر 37 افراد کے خلاف پولیس نے مقامی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ حکام نے پیر کو بتایا کہ بارادری تھانہ پولیس نے اتحادِ ملت کونسل کے صدر توقیر رضا، ان کے قریبی ساتھی نفیس اور دیگر کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے، جبکہ نو دیگر متعلقہ مقدمات کی تفتیش اب بھی جاری ہے، جن میں بھی رضا کا نام شامل ہے۔
الزام ہے کہ یہ تشدد “آئی لو محمد” پوسٹر سے جڑے تنازعے کے سبب 26 ستمبر کو بھڑک اٹھا تھا۔ پولیس کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر بھیڑ جمع ہوئی، پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم پھینکے گئے، پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی، اور دنگا کنٹرول بندوق سمیت کئی اسلحے لوٹ لیے گئے۔ اس ہنگامے میں دو درجن سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
اس رات  کوتوالی ، بارادری، پریم نگر، کینٹ اور قلعہ تھانوں میں 10 مقدمات درج کیے گئے تھے۔ کوتوالی اور بارادری میں درج دو اہم مقدمات کی تفتیش بعد میں کریمنل برانچ کو سونپی گئی تھی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوراگ آریہ نے بتایا کہ بارادری معاملے میں گرفتاری کے بعد مولانا توقیر رضا سمیت 38 ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا تھا اور تفتیش مکمل ہونے پر ہفتہ کو عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔
آریہ نے کہا کہ باقی معاملات میں تفتیش تیز کی جا رہی ہے۔ نامعلوم ملزمین کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔ تمام شناخت شدہ ملزمان کو جیل بھیجا جائے گا اور کسی بےگناہ کو پریشان نہیں کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق ابتدا میں اس معاملے میں 19 ملزمان کے نام تھے، جبکہ تفتیش کے دوران مزید 55 نام سامنے آئے۔ ان میں سے 38 ملزمان کے خلاف شواہد کے ساتھ چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مولوی توقیر رضا فی الحال فتح گڑھ جیل میں بند ہیں، جبکہ نفیس اور کئی دیگر ملزمان بریلی جیل میں قید ہیں۔