بریلی: توقیر رضا کی بہو ندا پر حملہ کی کوشش

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-11-2025
بریلی: توقیر رضا کی بہو ندا پر حملہ کی کوشش
بریلی: توقیر رضا کی بہو ندا پر حملہ کی کوشش

 



بریلی / آواز دی وائس
اتر پردیش کے بریلی میں آلا حضرت خاندان کی بہو نِدا خان نے ایک نامعلوم نوجوان کی فوٹیج سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے، جو اُن کے گھر میں گھس آیا اور مبینہ طور پر چھری دکھائی۔ ندا خان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ منگل کی رات تقریباً 9 بجے پیش آیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جیل میں بند اپنے سسر اور آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر رضا کے حامیوں سے انہیں جان کا خطرہ ہے۔
نِدا کے مطابق وہ اس وقت چھت پر تھیں جب تقریباً 23 سال کا ایک نوجوان سیڑھیوں کی طرف سے ان کے گھر میں داخل ہوا۔ اس کے ہاتھ میں ایک تھیلا تھا اور وہ گھر سے باہر نکلتی گھریلو ملازمہ سے اُن کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے لگا، جسے دیکھ کر گھر والے گھبرا گئے۔نِدا خان کا کہنا ہے کہ شور سن کر وہ فوراً نیچے آئیں اور ڈنڈا لے کر نوجوان کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق نوجوان بار بار تھیلے میں ہاتھ ڈال رہا تھا، جس سے شک مزید گہرا گیا۔ کچھ ہی دیر میں نوجوان نے تھیلے سے چھری نما ہتھیار نکال کر ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
گھر والوں کے پہنچتے ہی نوجوان دھمکی دیتا ہوا فرار ہوگیا۔ واقعہ ہوتے ہی ندا نے پولیس کو فون کرکے اطلاع دی اور پھر نوجوان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔ ندا نے اس واقعے کے لیے براہِ راست مولانا توقیر رضا، اپنے شوہر شیران رضا اور سسرالیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا اور اپنی جان کو خطرہ بتایا۔ ندا کا کہنا ہے کہ وہ پہلے بھی پولیس انتظامیہ سے تحفظ کی مانگ کر چکی ہیں، اور اب اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی لوگ پولیس سے جواب طلب کر رہے ہیں۔
پولیس کا بیان : نوجوان نشے میں معلوم ہوتا ہے
بارادری تھانہ انچارج دھننجے پانڈے نے ابتدائی جانچ کی بنیاد پر بتایا کہ فوٹیج میں نظر آنے والا نوجوان نشے کا عادی (اسماکیہ) لگ رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ایسے نشے کے عادی نوجوان اکثر شیام گنج سے گنگاپور کے درمیان گھومتے رہتے ہیں اور کبھی کبھی سنسان جگہ دیکھ کر بیٹھ جاتے ہیں۔
تھانہ انچارج نے مزید کہا کہ ندا خان کے گھر کے اندر اور باہر دونوں جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہیں، لیکن ندا نے پولیس کو اندر کی فوٹیج فراہم نہیں کی۔ پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ ندا خان کو پہلے سے گنر اور ہوم گارڈ کی سکیورٹی دی گئی ہے اور سکیورٹی بڑھانے پر بھی غور ہوگا۔
مولانا توقیر رضا پر ندا خان کے سنگین الزامات
واقعے کے بعد ندا خان نے انتظامیہ کو ایک خط بھی بھیجا ہے، جس میں انہوں نے مولانا توقیر رضا اور ان کے خاندان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ندا کے مطابق مولانا کے خاندان کا کوئی واضح معاشی ذریعہ نہیں، اس کے باوجود اُن کے پاس بڑی جائیداد موجود ہے۔ نندا نے دعویٰ کیا کہ مولانا کے تعلقات کچھ ایسے تنظیموں سے رہے ہیں جن پر ملک میں دہشت گردی سے تعلق کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے مولانا اکثر اشتعال انگیز بیانات دیتے ہیں۔ ندا نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا توقیر رضا اور ان کے خاندان کی جائیداد اور مالی ذرائع کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ حالانکہ مولانا یا ان کے خاندان کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
واقعے کے بعد شہر میں بحث تیز
نامعلوم نوجوان کی گھس پَیٹھ اور اس کے بعد سامنے آئے الزامات کے بعد بریلی شہر میں چہ مگوئیاں تیز ہوگئی ہیں۔ کئی لوگ سوشل میڈیا پر ندا خان کی حمایت میں پوسٹ کر رہے ہیں، جبکہ کچھ لوگ اسے ایک نشےڑی نوجوان کی حرکت قرار دے کر معاملے کو سیاسی رنگ دینے سے بچنے کی بات کہہ رہے ہیں۔ فی الحال پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور نوجوان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس سکیورٹی کے حوالے سے بھی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔