نئی دہلی:ملک کے چیف جسٹس (سی جے آئی) سوریا کانت نے بدھ کے روز کہا کہ قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور آئین کی تقدس و حرمت کو برقرار رکھنے میں بار کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے کمزور اور پسماندہ طبقات کو قانونی امداد فراہم کرنے میں بار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن (ایس سی بی اے) کے زیر اہتمام یومِ آئین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ نے بار کے وقار کے تحفظ میں اس کے غیر معمولی کردار کو ہمیشہ تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا، جب ہم اس تاریخی لمحے کا جشن منا رہے ہیں جب بھارت کے عوام نے اپنے لیے سب سے بنیادی عہد کیا تھا، میں آپ کے سامنے یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ قانون کے راج کو تقویت دینے اور ہمارے آئین کی پاکیزگی برقرار رکھنے میں بار کا مقام انتہائی اہم اور ناگزیر ہے۔
سی جے آئی سوریا کانت نے کہا، میں یہ بات بلا جھجھک کہتا ہوں کہ اگر عدالتوں کو آئین کا محافظ سمجھا جاتا ہے تو بار کے اراکین وہ مشعل بردار ہیں جو ہمارے راستوں کو روشن کرتے ہیں۔ یہی لوگ ہمیں اپنی سنگین آئینی ذمہ داریوں کو پوری وضاحت اور عزم کے ساتھ نبھانے میں معاونت فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اکثر عدالتی نظام کے "نظر نہ آنے والے متاثرین" کی بات کرتے ہیں، اور انہیں پختہ یقین ہے کہ صرف بار ہی ان متاثرین کو ایسے دکھوں سے باہر نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، آپ کا نقطۂ نظر بے حد اہمیت رکھتا ہے اور اپنے پیشے میں جس سنجیدگی سے آپ فرائض انجام دیتے ہیں، وہ براہِ راست ہمارے آئینی مستقبل کی سمت اور ساخت پر اثرانداز ہوتا ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا، آئینی معاملات میں ہماری معاونت کرنے کے علاوہ یہ بھی نہایت اہم ہے کہ بار اجتماعی طور پر اس بنیادی دستاویز—آئین—کے لفظ و روح کو اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ اس میں ان لوگوں کو قانونی امداد فراہم کرنا بھی شامل ہے جو سماج کے حاشیے پر زندگی گزار رہے ہیں یا کمزور ہیں۔ ساتھ ہی ریاست کے پالیسی رہنما اصولوں میں موجود وژن کے ساتھ خود کو ہم آہنگ کرنا بھی ضروری ہے۔"
سولیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ آئین کی خوبصورتی اس بات میں ہے کہ ریاست کی تینوں شاخیں—عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ—ایک دوسرے سے آزاد ہونے کے باوجود باہمی نگرانی اور توازن کے نظام کے تحت کام کرتی ہیں۔ ایس سی بی اے کے صدر اور سینئر وکیل وِکاس سنگھ نے کہا کہ قانون اسی وقت سب کے لیے بامعنی اور قابلِ رسائی ہو سکتا ہے جب قانون سازی، عدالتی عمل اور عام شہریوں کی عدالتی نظام تک رسائی ان تینوں پہلوؤں کا مناسب خیال رکھا جائے۔
'یومِ آئین' ہر سال 26 نومبر کو اس مناسبت سے منایا جاتا ہے کہ اسی روز سنہ 1949 میں بھارتی آئین کو باضابطہ طور پر قبول کیا گیا تھا۔ حکومتِ ہند نے 2015 میں اعلان کیا تھا کہ 26 نومبر کو ہر سال یومِ آئین کے طور پر منایا جائے گا؛ اس سے پہلے اسے 'یومِ قانون' (Law Day) کے طور پر منایا جاتا تھا۔