باپو کی چھوٹی سی غلطی نے ملک کو دو ٹکڑے کر دیا: اندریش کمار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2022
باپو کی چھوٹی سی غلطی نے ملک کو دو ٹکڑے کر دیا: اندریش کمار
باپو کی چھوٹی سی غلطی نے ملک کو دو ٹکڑے کر دیا: اندریش کمار

 

 

جے پور: آر ایس ایس کے سینئر پرچارک اندریش کمار نے بڑا بیان دیا ہے۔ اندریش کمار نے کہا کہ اگر مہاتما گاندھی نے انگریزوں سے بات چیت کے لیے جواہر لعل نہرو اور جناح کو اپنا اے ڈی سی منتخب نہ کیا ہوتا تو تقسیم نہ ہوتی۔ گاندھی کا یہ فیصلہ ملک کی تقسیم کا باعث بنا۔

اندریش کمار جے پور میں جن سنکھیا سمادھان فاؤنڈیشن کے پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے گاندھی کے فیصلے کو غلط قرار دیا اور کہا کہ نہرو اور جناح کا انتخاب کرنا مہاتما گاندھی کی غلطی تھی۔ اگر باپو دونوں کی بجائے سردار پٹیل، سبھاش اور مہارشی اروبندو کو اے ڈی سی کے طور پر منتخب کرتے تو ہندوستان تقسیم نہ ہوتا۔

باپو کی چھوٹی سی غلطی نے ملک کو دو ٹکڑے کر دیا۔ اندریش کمار نے آر ایس ایس کو غلط بتانے والوں کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ آر ایس ایس کو گالی دیتے ہیں، انہیں یہ فیشن لگتا ہے۔ ان کے لیےبھگوان سے دعا کریں کہ وہ انہیں اس نشہ آور فیشن سے نجات دلائے۔

بتادیں کہ مسلم راشٹریہ منچ نے اپنے چیف سرپرست اندریش کمار کی قیادت میں جے پور میں رکھشا بندھن کے تہوار کے موقع پر بھائی بہن کے دن کی تقریبات منائی۔ جس میں ملک بھر سے ہزاروں خواتین و مرد، مسلم راشٹریہ منچ کے کارکنوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اندریش کمار نے کہا کہ باشعور، مضبوط اور بااختیار ہندوستان کے لیے خواتین کا احترام اور انہیں بااختیار بنانا ضروری ہے۔ ہندوستان پر قبضہ کرنے کے لیے آبادی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کی آبادی 80-90 کروڑ ہونی چاہیے لیکن آبادی بڑھ کر 135 کروڑ ہو گئی ہے۔ کچھ لوگ ووٹ کو بھارت پر قبضہ کرنے کا ذریعہ سمجھ کر آبادی بڑھا رہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ بے روزگاری، فسادات، تشدد کا ہندوستان نہیں چاہیے۔