بانکے بہاری مندر کا خزانہ: اتنی لالچ اچھی نہیں: اکھلیش یادو

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-10-2025
بانکے بہاری مندر کا خزانہ: اتنی لالچ اچھی نہیں: اکھلیش یادو
بانکے بہاری مندر کا خزانہ: اتنی لالچ اچھی نہیں: اکھلیش یادو

 



لکھنو: اتر پردیش کے متھرا ضلع میں واقع بانکے بہاری مندر ایک بار پھر سرخیوں میں، 54 سال بعد خزانہ کھلنے پر سیاسی ہلچل ہے۔ اتر پردیش کے ضلع متھرا میں واقع مشہور بانکے بہاری مندر ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گیا ہے۔

دراصل، 54 سال کے بعد جب مندر کا خزانہ کھولا گیا، تو اس پر سیاسی بحث شروع ہو گئی ہے۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس معاملے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ "بدقسمتی" ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں لکھا کہ "اتنی لالچ بھی اچھی نہیں"۔ اتوار کے روز بھی بانکے بہاری مندر کا خزانہ معائنہ کے لیے کھولا جائے گا، جس میں تقریباً پانچ گھنٹے تک جانچ پڑتال جاری رہے گی۔

اکھلیش یادو نے یوگی حکومت کو نشانے پر لیتے ہوئے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: "بی جے پی حکومت سے ہاتھ جوڑ کر گزارش ہے... کم از کم مندروں کے خزانوں کو تو چھوڑ دو۔ اتنی بھی لالچ اچھی نہیں۔ بدقسمتی ہے!" انہوں نے خزانے کے معاملے پر بی جے پی اور حکومت کی نیت پر سوال اٹھایا ہے۔

ویسے بھی، بانکے بہاری کاریڈور کے منصوبے کی مقامی لوگ مخالفت کر رہے ہیں، جس کی اکھلیش یادو نے بھی حمایت کی ہے۔ واضح رہے کہ مندر کے خزانے اور تہہ خانے کی جانچ سپریم کورٹ کے حکم پر ہفتہ، 18 اکتوبر سے شروع ہوئی ہے۔

متھرا سرکل کے افسر سندیپ سنگھ کے مطابق، اس خزانے میں قیمتی اور تاریخی اشیاء موجود ہونے کا امکان ہے۔ پوری کارروائی کی ویڈیوگرافی کی جا رہی ہے۔ اس عمل میں فائر بریگیڈ اور ASI (آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا) کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مندر کا خزانہ عوامی سطح پر کھولا جا رہا ہے۔

اتوار کو بھی خزانے کی جانچ کے لیے تہہ خانہ کھولا جائے گا، جس میں ٹیمیں پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک وہاں موجود اشیاء کی جانچ کریں گی۔ اس دوران سکیورٹی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔ فی الحال کسی بے ضابطگی کی اطلاع نہیں ہے۔ یاد رہے کہ بانکے بہاری مندر میں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند آتے ہیں، اور تہواروں پر یہ تعداد کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔