ہندوستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 25 بنگلہ دیشی گرفتار

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-09-2025
ہندوستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 25 بنگلہ دیشی گرفتار
ہندوستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 25 بنگلہ دیشی گرفتار

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان میں غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی شہریوں کے خلاف دہلی پولیس کی مہم تیز ہوگئی ہے۔ اسی سلسلے میں ساؤتھ ایسٹ ڈسٹرکٹ پولیس کی ’بنگلہ دیشی سیل‘ نے دہلی اور اتر پردیش کے کانپور دیہات میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 25 غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔ یہ سب گزشتہ تقریباً آٹھ برسوں سے بغیر کسی قانونی دستاویز کے ہندوستان میں مقیم تھے۔
۔25 غیر قانونی بنگلہ دیشی کیسے پکڑے گئے؟
ڈی سی پی ساؤتھ ایسٹ کے مطابق، غیر قانونی بنگلہ دیشی شہریوں کی گرفتاری کے لیے بنگلہ دیشی سیل کے ایس آئی کنول جیت اور اے ایس آئی برجیش کی قیادت میں حوالدار وید پرکاش، ارون، موہت، راجیش اور خاتون حوالدار جیوتی بنسل کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ ٹیم نے جھگی بستیوں، مزدور بستیوں اور غیر مجاز کالونیوں میں دستاویزات کی جانچ مہم چلائی۔ اسی دوران کڑی نگرانی میں دہلی سے دو بنگلہ دیشی شہری پکڑے گئے۔
پکڑے گئے بنگلہ دیشیوں کی شناخت
ان کی شناخت حسن شیخ (35) اور عبدل شیخ (37) کے طور پر ہوئی، جو بنگلہ دیش کے ستکھڑا ضلع کے مونی پور گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ پوچھ گچھ میں انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ مغربی بنگال کے کھلنا بارڈر سے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔ جانچ کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ان کے رشتہ دار کانپور گاؤں میں رہ رہے ہیں۔
کانپور گاؤں میں بڑی چھاپہ ماری
اس اطلاع پر پولیس کی ٹیم 20 ستمبر کی رات کانپور دیہات پہنچی، جہاں کارروائی کرتے ہوئے مزید 23 بنگلہ دیشی شہری گرفتار کیے گئے۔ اس طرح دہلی پولیس نے کل 25 بنگلہ دیشی شہریوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں پتہ چلا کہ سبھی ملزم غیر ہنرمند مزدور ہیں اور کباڑ کا کام، کھیتی باڑی یا دیہاڑی مزدوری کرکے اپنی روزی روٹی چلا رہے تھے۔ ان کے پاس ہندوستان میں رہنے کے لیے کسی بھی قسم کا قانونی دستاویز یا اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔
سبھی کو گرفتار کرکے سرائے کالے خان کے ایم سی ڈی کمیونٹی عارضی حراستی مرکز میں رکھا گیا ہے، جہاں سے قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان سب کو واپس بنگلہ دیش ڈی پورٹ کرنے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔