نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی پولیس کی غیر ملکی شہریوں پر نظر رکھنے والی ٹیم اُس وقت حیران رہ گئی، جب انہیں معلوم ہوا کہ جس بنگلہ دیشی ٹرانسجینڈر کو 45 دن پہلے ملک سے نکالا گیا تھا، وہ دوبارہ دہلی لوٹ آیا ہے۔ 30 سالہ ٹرانسجینڈر سُہان خان کو پیر کے روز آزاد پور منڈی کے قریب پولیس کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ وہ اپنی محبوبہ سے ملنے کے لیے ہندوستان واپس آیا ہے، جو دہلی کے نہال وہار علاقے میں رہتی ہے۔ دونوں لِو اِن ریلیشن شپ میں ایک ساتھ رہ رہے تھے۔
پہلے بھی کیا گیا تھا ملک بدر
پولیس ذرائع کے مطابق، سہان کو اسی سال 15 مئی کو پہلی بار غیر ملکیوں کے شعبے کی ٹیم نے آزاد پور منڈی علاقے میں بھیک مانگتے ہوئے پکڑا تھا۔ تب اسے ایف آر آر او کی مدد سے بنگلہ دیش واپس بھیج دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا: غیر قانونی گھسپیٹ پر کڑی نظر
نارتھ ویسٹ دہلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر بھیشم سنگھ نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف ہندوستان میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے کی کوششوں کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ دہلی پولیس کی چوکسی کا بھی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ جو لوگ ہندوستان میں داخلے کے قانونی طریقہ کار کو نظر انداز کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
بارڈر پار کر کے واپس آیا
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مئی میں ملک بدر کیے جانے کے بعد سہان بنگلہ دیش میں اپنے گھر نہیں گیا۔ وہ کچھ دن آگر تلہ کے اکھورا بارڈر چیک پوسٹ کے قریب عارضی کیمپوں میں رہا اور پھر کسی طرح سرحد پار کر کے دوبارہ ہندوستان میں داخل ہو گیا۔ بعد ازاں وہ ٹرین کے ذریعے دہلی پہنچا اور نہال وہار میں رہنے لگا۔
پولیس افسر کا انکشاف
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ سب کچھ اسی مہینے میں ہوا، جس مہینے میں اسے ملک بدر کیا گیا تھا۔ سہان نے بتایا کہ وہ اپنی محبوبہ سے محبت کرتا ہے، اسی لیے واپس آیا۔
سہان خان بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ کا رہنے والا ہے اور تقریباً 10 سال قبل غیر قانونی طور پر مغربی بنگال کی سرحد پار کر کے ہندوستان آیا تھا۔ شروعات میں وہ دہلی میں مزدوری کرتا تھا اور بعد میں ٹریفک سگنل پر بھیک مانگنے لگا۔ 15 مئی کو پہلی بار گرفتار ہونے کے بعد اسے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔
بارڈر سیکورٹی پر سوال
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اس معاملے کی اطلاع ایف آر آر او کو دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا، "غیر ملکی شہریوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کا عمل ایف آر آر او انجام دیتا ہے، یہ عمل گروپس یا بیچز کی شکل میں کیا جاتا ہے۔ لیکن ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد اتنی کھلی ہوئی ہے کہ کئی بار لوگ آسانی سے اسے پار کر لیتے ہیں، چاہے بارڈر سیکیورٹی فورس تعینات ہو یا نہ ہو۔"
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماضی میں بھی کئی بنگلہ دیشی شہری صرف چند ہفتوں یا مہینوں میں دوبارہ ہندوستان میں گھس چکے ہیں، جو قومی سلامتی کے لیے باعث تشویش ہے۔