کے کے آر میں بنگلہ دیشی کرکٹر کی شمولیت، بی سی سی آئی کا ایکشن

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-01-2026
کے کے آر میں بنگلہ دیشی کرکٹر کی شمولیت، بی سی سی آئی کا ایکشن
کے کے آر میں بنگلہ دیشی کرکٹر کی شمولیت، بی سی سی آئی کا ایکشن

 



گوہاٹی/ آواز دی وائس
ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے پیشِ نظر، ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ 2026 سے قبل کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) سے بنگلہ دیش کے تیز گیند باز مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کرنے کو کہا ہے۔
گزشتہ ماہ کھلاڑیوں کی نیلامی میں کے کے آر نے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مستفیض الرحمان کو 9.20 کروڑ روپے میں خریدا تھا، جب کہ ان کی بنیادی قیمت دو کروڑ روپے تھی۔ چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپٹلز کے ساتھ سخت بولی کے بعد کے کے آر اس 30 سالہ گیند باز کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے میں کامیاب رہا تھا۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو کے کے آر کو ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کے انتخاب کی اجازت دی جائے گی۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سیکیا نے ہفتہ کو  کہا کہ بی سی سی آئی نے کولکاتہ نائٹ رائیڈرز سے کہا ہے کہ وہ مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے ریلیز کریں۔ اگر ضرورت ہو تو وہ ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کے انتخاب کی درخواست کر سکتے ہیں۔ اگر کے کے آر درخواست کرتا ہے تو بی سی سی آئی انہیں کسی دوسرے کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے گا۔ جب سیکیا سے پوچھا گیا کہ بی سی سی آئی نے کے کے آر کو ایسا کرنے کے لیے کیوں کہا، تو انہوں نے جواب دیا کہ حالیہ واقعات کی وجہ سے۔
بنگلہ دیش میں حال ہی میں ایک ہندو شخص کے قتل اور وہاں اقلیتوں کی سلامتی کو لے کر ہندوستان کی تشویش کے پیشِ نظر، بنگلہ دیشی کرکٹر کی شمولیت کے معاملے پر بی سی سی آئی پر دباؤ بڑھتا جا رہا تھا۔ مستفیض الرحمان کو ٹیم میں رکھنے کے سبب کے کے آر کے شریک مالک اور بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ حکمراں بی جے پی کے کچھ رہنماؤں نے موجودہ حالات میں گیند باز کو ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے پر سوال اٹھائے تھے۔
مستفیض الرحمان 2016 سے اب تک آٹھ بار آئی پی ایل کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے صرف 2019 اور 2020 میں اس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔ وہ سن رائزرس حیدرآباد، ممبئی انڈینز، دہلی کیپٹلز، چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز جیسی ٹیموں کے لیے کھیل چکے ہیں۔ تین بار کی چیمپئن کے کے آر نے پہلی بار انہیں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز نے گزشتہ سال محدود اوورز کی ایک دو طرفہ سیریز ملتوی کر دی تھی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ یہ سیریز اسی سال ستمبر میں بنگلہ دیش میں ہی کھیلی جائے گی۔
تاہم بی سی سی آئی نے اس سیریز کے شیڈول کو لے کر کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ بنگلہ دیش کی غیر مستحکم سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اس پر رضامندی کا امکان بھی کم ہے۔
بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ شیخ حسینہ گزشتہ سال اگست میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ہندوستان آ گئی تھیں۔ بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی تھی۔ ان پر تحریک کے دوران ہونے والی مہلک کارروائی میں مبینہ کردار ادا کرنے کا الزام ہے، جس میں کئی طلبہ ہلاک ہوئے تھے۔
بنگلہ دیش نے مختلف معاملات پر ہندوستانی ہائی کمشنر پرنئے ورما کو پانچ مرتبہ طلب کیا، جبکہ دوسری جانب ہندوستان نے بنگلہ دیش میں سلامتی سے متعلق تشویش ظاہر کرنے کے لیے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ریاض حامداللہ کو ایک بار طلب کیا۔
عوامی لیگ کی حکومت کو ہندوستان کی حامی سمجھا جاتا تھا، لیکن محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت بننے کے بعد بنگلہ دیش کی سفارتی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ اس دوران بنگلہ دیش نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کرنے کی کوششیں بھی کی ہیں، جس سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔