نئی دہلی: لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا منگل کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمان کی قیادت میں قائم ہونے والی نو منتخب حکومت کی حلف برداری تقریب میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزارتِ خارجہ نے اتوار کو جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی۔
وزارت کے مطابق اس اہم موقع پر لوک سبھا اسپیکر کی شرکت ہندوستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان مضبوط اور گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ شرکت دونوں ممالک کو جوڑنے والی مشترکہ جمہوری اقدار کے تئیں ہندوستان کے عزم کو بھی ظاہر کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام کے رشتے میں بندھے ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے ہندوستان، مسٹر رحمان کی قیادت میں بنگلہ دیش میں قائم ہونے والی منتخب حکومت کا خیر مقدم کرتا ہے۔ وزارت نے کہا کہ ان کی قیادت اور وژن کو عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں طارق رحمان کی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے نمایاں اکثریت حاصل کی ہے اور نئی حکومت منگل کو حلف لے گی۔
انتخابی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیلی فون پر طارق رحمان کو مبارکباد پیش کی تھی اور اس یقین دہانی کا اظہار کیا تھا کہ بنگلہ دیش کے عوام کی توقعات کی تکمیل کے لیے ہندوستان ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔