ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے آنے والے درگا پوجا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منگل کو ڈھاکیشوری نیشنل مندر کا دورہ کیا اور اقلیتی ہندو برادری کے اراکین کو نیک خواہشات پیش کیں۔ رپورٹ کے مطابق، انہوں نے مندر کے احاطے کا دورہ کیا اور درگا پوجا فیسٹیول سے پہلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
یونس نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو شہریوں کو ان کے بنیادی آئینی حقوق سے محروم کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص چاہے وہ کسی بھی مذہب یا نظریے کا پیروکار ہو، چاہے وہ امیر ہو یا غریب، سب سے پہلے اور سب سے بڑھ کر ایک شہری ہے۔ آئین میں شہریوں کے تمام حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔
اخبار دی ڈیلی اسٹار نے یونس کے حوالے سے کہا کہ ہم سب پورا ملک ایک بڑا خاندان ہیں۔ حکومت تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق اور عزت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوؤں اور ان کے عبادت گاہوں پر مبینہ حملوں کے بار بار ہونے والے واقعات پر بڑھتی تشویش کے درمیان انہوں نے یہ بات کہی۔ یونس نے کہا کہ نئے بنگلہ دیش کا سب سے اہم مقصد تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ایسے ملک کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا جہاں لوگوں کو اپنے مذہبی تہوار منانے کے لیے کسی اضافی سکیورٹی کی ضرورت نہ پڑے۔
یونس نے کہا کہ وہ درگا پوجا کے دوران بیرونِ ملک ہوں گے اور اس سال اس خوشی سے محروم نہیں ہونا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں پہلے ہی یہاں آ گیا تاکہ آپ کے ساتھ خوشیاں بانٹ سکوں۔