بنگلور (کرناٹک): جمعرات کی صبح بنگلور کے مڈاپٹنا علاقے میں ایک پتھر کی کان میں بڑا پتھر گرنے سے بہار کے سات یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور ہلاک ہوگئے۔ مزدور معمول کے مطابق کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک تقریباً 40 فٹ کی بلندی سے ایک بڑا پتھر ان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں وہ ملبے تلے دب گئے اور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مزدور کان میں کام کر رہے تھے۔ متعدد دیگر مزدور بھی زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حتمی تعداد کا تعین ابھی نہیں ہو سکا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ حکام نے ملبہ ہٹا کر مزید افراد کے دبے ہونے کی تلاش کی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
موقع پر موجود ایک مزدور نے بتایا، ’’جب تقریباً 40 فٹ کی بلندی سے بڑا پتھر گرا تو وہاں تقریباً 18 مزدور موجود تھے۔‘‘ پولیس نے تصدیق کی کہ ’’بنگلور جنوبی تعلقہ کے مڈاپٹنا میں کرشر سائٹ کی دیوار گرنے سے سات مزدور جاں بحق ہوئے ہیں، اور تمام متوفی بہار کے رہائشی تھے۔‘‘ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’تمام متعلقہ افسران موقع پر موجود ہیں اور رپورٹ تیار کر رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق دو لاشیں نکال لی گئی تھیں، جبکہ اندازہ تھا کہ تقریباً سات افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ درست تعداد کی تصدیق بعد میں ہوئی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ دھماکے کے باعث نہیں بلکہ زمین دھنسنے کی وجہ سے پیش آیا۔ اس بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے گی۔‘‘ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا، ’’میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے، ان کے اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’کان مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ وہاں کام کرنے والے مزدوروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
حکومت حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی کانوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کرے گی۔‘‘ پولیس نے مقدمہ درج کر کے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ بھی جانچا جا رہا ہے کہ آیا کان میں حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی یا کسی قسم کی غفلت برتی گئی تھی۔ جاں بحق مزدوروں کے اہلِ خانہ کو بھی اطلاع دی جا رہی ہے۔