چنڈی گڑھ،: پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے 2021 میں سونی پت میں دو نابالغ بہنوں کے ساتھ مبینہ زیادتی اور قتل کے معاملے میں سزائے موت پانے والے چار افراد کو یہ کہتے ہوئے بری کر دیا کہ استغاثہ ان کے جرم میں ملوث ہونے کا پختہ ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔ جسٹس انوپ چتکارا اور جسٹس رمیش چندر ڈمری کی ڈویژن بنچ نے بدھ کو ارون، پھول چند، دکھن اور رام سہگ کی سزا اور جرم ثابت ہونے کے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں ذاتی مچلکے پر فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ یہ معاملہ اگست 2021 میں 13 اور 12 سال کی دو بہنوں کی موت سے متعلق ہے۔
ابتدا میں لڑکیوں کی والدہ نے ڈاکٹروں اور پولیس کو بتایا تھا کہ دونوں کو سانپ نے ڈس لیا ہے۔ لڑکیوں کو دہلی کے ایک اسپتال لے جایا گیا، جہاں ایک لڑکی کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ دوسری کی بھی چند گھنٹوں بعد موت ہوگئی۔ تاہم، تین دن بعد 9 اگست 2021 کو والدہ نے ایک اور شکایت درج کرائی اور الزام لگایا کہ پڑوسی ارون، پھول چند، دکھن اور رام سہگ ان کے کمرے میں داخل ہوئے، لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کی اور انہیں زبردستی زہر دے دیا۔ شکایت کی بنیاد پر چاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ نومبر 2023 میں سونی پت کی ماتحت عدالت نے چاروں ملزمان کو سزائے موت سنائی تھی۔
تاہم ہائی کورٹ نے والدہ کے مختلف مواقع پر دیے گئے بیانات میں تضاد پایا۔ ابتدائی طور پر والدہ نے اپنی شکایت میں چاروں ملزمان کے نام لیے تھے، لیکن 10 اگست 2021 کو تعزیراتِ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت درج بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ صرف ایک ملزم کا نام جانتی ہیں اور باقی کے نام نہیں جانتیں۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ اس سے ایک دن قبل دی گئی شکایت میں چاروں ملزمان کے مکمل نام درج تھے۔
عدالت نے کہا، ’’یہ عام فہم بات ہے کہ اگر لڑکیوں کی والدہ کو 9 اگست 2021 کو پولیس کو دی گئی تحریری شکایت کے وقت ملزمان کے نام معلوم تھے تو اگلے ہی روز جوڈیشل مجسٹریٹ (اے سی جے ایم) کے سامنے یہ واضح طور پر کہنے کی کوئی وجہ نہیں تھی کہ وہ ایک ملزم کے علاوہ کسی دوسرے کا نام نہیں جانتیں۔‘
‘ عدالت نے اسے ’’اہم تضاد‘‘ قرار دیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران خاتون اپنے پہلے بیان سے بھی منحرف ہوگئیں۔ انہوں نے استغاثہ کے مقدمے کی حمایت نہیں کی اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے دیے گئے بیان سمیت اپنی سابقہ تمام باتوں سے انکار کردیا۔ عدالت نے کہا کہ طبی شواہد سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دونوں لڑکیوں کا جنسی استحصال کیا گیا تھا۔ بنچ نے یہ بھی پایا کہ سائنسی شواہد میں کسی بھی ملزم کا جینیاتی مواد ملنے کا کوئی ذکر نہیں تھا۔ عدالت نے کہا، ’’شواہد کی عدم موجودگی اس بات پر مضبوط شبہ پیدا کرتی ہے کہ زیادتی ملزمان نے ہی کی تھی۔‘‘
عدالت نے کہا کہ تمام شواہد اور ریکارڈ کا احتیاط سے تجزیہ کرنے کے باوجود یہ واضح نہیں ہوتا کہ ان چار افراد کو اس معاملے میں ملزم کیسے بنایا گیا، جبکہ انہیں سزائے موت بھی سنائی گئی تھی۔ حکم میں کہا گیا، ’’تمام شواہد کے تجزیے سے نہ صرف کسی بھی ملزم کے ملوث ہونے پر شبہ پیدا ہوتا ہے بلکہ ان کے خلاف سائنسی شواہد کی عدم موجودگی بھی سامنے آتی ہے۔ ان حالات میں اگرچہ استغاثہ دونوں متاثرہ لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کا جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا ہے، لیکن وہ کسی بھی ملزم کو زیادتی کا مرتکب ثابت نہیں کر سکا۔
‘‘ استغاثہ چاروں ملزمان میں سے کسی کو بھی کسی ایسے جرم سے جوڑنے والا قانونی طور پر قابل قبول ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا، جس کی بنیاد پر انہیں قصوروار ٹھہرایا جا سکے۔ لہٰذا عدالت نے کہا کہ وہ شک کا فائدہ حاصل کرنے کے حقدار ہیں۔ حکم کے مطابق چاروں اپیل کنندگان کی تمام الزامات میں جرم ثابت ہونے کی سزا اور دیگر سزاؤں کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں تمام الزامات سے بری کر دیا گیا۔