جے این یو کے احتجاجی طلبہ کو ضمانت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-02-2026
جے این یو کے احتجاجی طلبہ کو ضمانت
جے این یو کے احتجاجی طلبہ کو ضمانت

 



نئی دہلی : دہلی کے پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے تمام مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو ضمانت دے دی ہے۔ اس سے قبل جے این یو معاملے میں گرفتار کیے گئے تمام 14 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے تمام 14 طلبہ کو 25 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت منظور کی۔ سماعت کے دوران دہلی پولیس نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ تمام ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیجا جائے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے ملزمان کی عدالتی حراست ضروری ہے۔ دوسری جانب ملزمان کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ تمام طلبہ تحقیقات میں تعاون کے لیے تیار ہیں اور اس سلسلے میں تحریری یقین دہانی (انڈرٹیکنگ) دینے کے لیے بھی آمادہ ہیں۔ سماعت کے دوران ایک طالبہ نے الزام لگایا کہ 4–5 افراد، جو وردی میں نہیں تھے، اسے ہجوم میں سے زبردستی کھینچ کر لے گئے، جس سے اس کے ہاتھ پر چوٹ آئی اور خون جم گیا۔

پولیس کے مطابق تقریباً 300 افراد بغیر اجازت انڈیا گیٹ کی طرف مارچ کر رہے تھے۔ جب پولیس نے بیریکیڈ لگا کر انہیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ دھکا مکی اور حملہ کیا۔ دہلی پولیس نے کہا کہ یہ پُرامن احتجاج نہیں تھا بلکہ مظاہرین نے تشدد کا راستہ اپنایا۔ پولیس کے مطابق جھڑپ کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

پولیس نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ملزمان پہلے بھی مختلف مواقع پر احتجاج کے دوران طاقت کا استعمال کر چکے ہیں اور اس سلسلے میں پہلے ہی چار الگ الگ ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں۔ پولیس نے دوبارہ مؤقف اختیار کیا کہ یہ پُرامن احتجاج نہیں تھا اور مظاہرین نے پرتشدد طریقہ اپنایا۔

دہلی پولیس کے مطابق، جمعرات کو جے این یو اسٹوڈنٹس یونین (JNUSU) کے اراکین سمیت کل 51 مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا، جب وزارتِ تعلیم کی جانب مارچ کے دوران جھڑپیں ہوئیں۔ طلبہ کے مطالبات میں وائس چانسلر سنتیشری دھولی پوڈی پنڈت سے ان کے مبینہ ذات پات پر مبنی ریمارکس کے سبب استعفیٰ کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرہ کرنے والے طلبہ نے یونیورسٹی کا مرکزی دروازہ توڑ دیا اور لگائی گئی رکاوٹوں (بیریکیڈز) کو عبور کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں جھڑپ ہوئی اور کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ ڈی سی پی (جنوب مغربی ضلع) امت گوئل نے بتایا کہ جے این یو ایس یو نے کیمپس کے سبَر متی ٹی پوائنٹ سے وزارتِ تعلیم تک لانگ مارچ کی کال دی تھی۔

انہوں نے کہا:ہم نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ کیمپس کے اندر احتجاج کریں کیونکہ باہر مارچ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ ہم نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ ایک وفد بھیجنا چاہیں تو سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔ لیکن انہوں نے انکار کیا، چار سے پانچ سو افراد جمع کیے، گیٹ توڑا اور تقریباً تین بجے باہر نکل آئے۔ ہم نے بار بار کہا کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، مگر انہوں نے پولیس پر حملہ کیا۔

پولیس کے مطابق 20 سے 25 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں اے سی پی وسنت کنج، ایس ایچ او سروج نگر اور ایس ایچ او کشورگڑھ شامل ہیں۔ اس معاملے میں وسنت کنج نارتھ تھانے میں مقدمہ نمبر 76/26 درج کیا گیا ہے۔ ادھر جے این یو ایس یو نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 13 طلبہ (جن میں تین عہدیدار شامل ہیں) کو گرفتار کیا گیا اور کئی طلبہ کو “بے رحمی سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا”، نیز بابا صاحب امبیڈکر کی تصویر توڑنے کا الزام بھی پولیس پر لگایا۔

انہوں نے فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (AISA) نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور وائس چانسلر نے مل کر طلبہ پر حملہ کیا۔ تنظیم کے مطابق جے این یو ایس یو کی صدر آدیتی، سکریٹری گوپیکا، جنرل سکریٹری دانش اور اے آئی ایس اے کی صدر نہا بھی گرفتار شدگان میں شامل ہیں، جنہیں 14 گھنٹے تک تھانے میں رکھا گیا۔

پولیس نے الزام لگایا کہ مظاہرین نے بیریکیڈز توڑے، بینرز اور لاٹھیاں پھینکیں، جوتے اچھالے اور یہاں تک کہ اہلکاروں کو کاٹا بھی۔ اس کے بعد قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا۔ یہ تنازع وائس چانسلر پنڈت کے ایک پوڈکاسٹ بیان کے بعد شروع ہوا، جس میں انہوں نے مجوزہ 2026 یو جی سی ایکویٹی (انسداد امتیاز) ضوابط پر گفتگو کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا کہ دلت اور سیاہ فام افراد “ہمیشہ خود کو مظلوم ظاہر کر کے ترقی نہیں کر سکتے۔” اس بیان پر طلبہ تنظیموں نے سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ تاہم وائس چانسلر نے کہا ہے کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر “سیاسی مقاصد” کے لیے پیش کیا گیا۔