بابا کا ڈھابا والے ’کانتا پرساد‘ نے کی خودکشی کی کوشش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-06-2021
کانتا پرساد
کانتا پرساد

 

 

نئی دہلی : سوشل میڈیا سے ملک ممیں سرخیوں میں چھانے والےڈھابے کے مالک کانتا پرساد اب موت اورزندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ پورے ملک میں مشہور ہوئے ’بابا کا ڈھابا‘ والے کانتا پرساد کو دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں نازک حالت میں داخل کرایا گیا ہے۔ دہلی پولس کے مطابق کانتا پرساد نے نیند کی گولیاں کھائی ہوئی تھیں۔ کانتا پرساد کو صفدر جنگ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔

موصولہ خبروں کے مطابق کانتا پرساد نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی ہے۔

کانتا پرساد نے ہفتہ کی دیر شب خودکشی کی کوشش کی۔ انھوں نے نیند کی گولیاں کھائیں جس سے ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ کانتا پرساد کو فوراً دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولس اس معاملے کی خودکشی کی کوشش کے نظریے سے جانچ کر رہی ہے۔

کانتا پرساد سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو کے ذریعہ ملک بھر میں مشہور ہو گئے تھے۔ ان کی مدد کے لیے کئی لوگوں نے مدد کا ہاتھ بڑھایا تھا، جس کے بعد ان کی معاشی حالت کافی بہتر ہو گئی تھی۔ کانتا پرساد نے نیا ریسٹورینٹ بھی کھول لیا تھا، لیکن وہ تقریباً چار مہینے پہلے بند ہو گیا۔ اس وجہ سے وہ پھر سے اپنے ڈھابا پر کھانا بیچنے لگے۔

بابا کے پھر سے پرانی جگہ لوٹنے پر یوٹیوبر گورو واسن نے کہا ’’عمل سے اوپر اس دنیا میں کچھ نہیں۔خود بابا نے اس بات کی وضاحت کی یتھی کہ انہوں نے کبھی گورو کو چور نہیں کہا تھا۔‘‘