نائب صدر کے انتخاب سے قبل بی سدرشن ریڈی کو بڑا جھٹکا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-09-2025
نائب صدر کے انتخاب سے قبل بی سدرشن ریڈی کو بڑا جھٹکا
نائب صدر کے انتخاب سے قبل بی سدرشن ریڈی کو بڑا جھٹکا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک کو 15واں نائب صدر ملنے جا رہا ہے۔ جگدیپ دھنکھڑ کے استعفے کے بعد 9 ستمبر کو نئے نائب صدر کے لیے انتخاب ہونا ہے۔ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو امیدوار بنایا ہے، جبکہ اپوزیشن الائنس نے سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج بی۔ سدرشن ریڈی کو میدان میں اتارا ہے۔ اسی دوران سدرشن ریڈی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نوین پٹنایک کی پارٹی بیجو جنتا دل نے نائب صدر کے انتخاب میں ووٹنگ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ بی جے ڈی سپریمو نوین پٹنایک کی صدارت میں پارٹی کے سات راجیہ سبھا اراکین کی میٹنگ کے بعد لیا گیا۔
بی جے ڈی کے رکن پارلیمان سسميت پاترا نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ بیجو جنتا دل نے کل ہونے والے نائب صدر کے انتخاب سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیجو جنتا دل این ڈی اے اور انڈیا، دونوں اتحادوں سے مساوی فاصلہ برقرار رکھے گا۔ ہمارا دھیان اڑیسہ اور اڑیسہ کے 4.5 کروڑ عوام کی ترقی اور فلاح پر مرکوز ہے۔
نائب صدر کے انتخاب پر پہلے پارٹی کا رویہ کیا رہا ہے؟
نائب صدر کے انتخاب پر بی جے ڈی کا رخ ماضی میں بدلتا رہا ہے۔ پارٹی نے 2012 میں ووٹنگ سے پرہیز کیا، 2017 میں اپوزیشن امیدوار کی حمایت کی اور 2022 میں این ڈی اے کے امیدوار کی حمایت کی۔ پارٹی کی جانب سے اس بار ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ حالیہ اڑیسہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے ہاتھوں اقتدار کھونے کے بعد لیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر برائے قبائلی امور جیول اورام نے کہا کہ بی جے ڈی کا ووٹنگ سے دور رہنے کا فیصلہ خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ این ڈی اے امیدوار کے لیے بالواسطہ حمایت ہے۔
نائب صدر کے انتخاب کا وقت کیا رہے گا؟
نائب صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ منگل کی صبح 10 بجے شروع ہوگی اور شام 5 بجے ختم ہوگی۔ انتخابی کالج میں راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے تمام اراکین شامل ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن شام 6 بجے شروع ہوگی۔ انتخابی کالج میں راجیہ سبھا کے 233 منتخب رکن (اس وقت پانچ نشستیں خالی ہیں)، راجیہ سبھا کے 12 نامزد رکن اور لوک سبھا کے 543 منتخب رکن (فی الحال ایک نشست خالی ہے) شامل ہیں۔