ریڈی نے نائب صدر کے انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-08-2025
ریڈی نے نائب صدر کے انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا
ریڈی نے نائب صدر کے انتخاب کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کیا

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
نائب صدر کے عہدے کے لیے اپوزیشن کے امیدوار بی۔ سُدرشن ریڈی نے جمعرات کو نامزدگی داخل کی۔ ریڈی کے نامزدگی فارم کے چار سیٹ داخل کیے گئے ہیں جن پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی، راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملیکارجن کھڑگے، دِرَوِڑ مُنیترا کَژگم (ڈی ایم کے) کے تروچی شیوا سمیت تقریباً 160 ارکانِ پارلیمان نے بطور تجویز دہندہ اور تائید کنندہ دستخط کیے ہیں۔
نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر سونیا، کھڑگے، راہل گاندھی، پریانکا گاندھی، تروچی شیوا اور اپوزیشن کے کئی دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
نامزدگی داخل کرنے سے قبل ریڈی نے کہا  كہ میں نے کل ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ یہ نظریے کی لڑائی ہے۔ بلا شبہ میں پُر امید ہوں۔ انہوں نے مزید کہا كہ میں کسی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہوں، اس لیے میرا ماننا ہے کہ ہر کوئی میرا ساتھ دے گا۔
ریڈی سپریم کورٹ کے سابق جج اور گوا کے لوک آیوکت رہ چکے ہیں۔ وہ حیدرآباد میں قائم بین الاقوامی ثالثی و مصالحت مرکز کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے  ممبر بھی ہیں۔
دوسری طرف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے مہاراشٹر کے گورنر سی۔ پی۔ رادھا کرشنن کو نائب صدر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ رادھا کرشنن، جو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ پس منظر رکھتے ہیں، تمل ناڈو کے تجربہ کار بی جے پی رہنما رہے ہیں۔