لکھنؤ/ آواز دی وائس
سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان اور ان کے خاندان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ مراد آباد کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے رامپور سے سابق رکن اسمبلی عبداللہ اعظم کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ (این بی ڈبلیو) جاری کر دیا ہے۔ عبداللہ کے خلاف یہ وارنٹ سال 2008 کے ایک معاملے میں جاری ہوا ہے۔
عبداللہ اعظم پر سال 2008 میں چھجلَیٹ تھانہ علاقے میں سڑک جام کرنے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے معاملے میں کارروائی کی گئی ہے۔ اس پورے معاملے میں اعظم خان، عبداللہ اعظم سمیت نو سماج وادی پارٹی رہنماؤں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یہ واقعہ 31 دسمبر 2007 کو رامپور دہشت گرد حملے کے بعد پولیس چیکنگ کے دوران پیش آیا تھا، جب اعظم خان کے قافلے کی گاڑی کو روکنے پر سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے ہنگامہ کیا اور سڑک جام کر دی۔ اس دوران سخت ہنگامہ آرائی دیکھنے کو ملی تھی۔
اعظم خان کی اپیل ہو چکی ہے خارج
ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے 13 فروری 2023 کو اعظم خان اور عبداللہ اعظم کو مجرم قرار دیتے ہوئے دونوں کو دو، دو سال کی سزا اور تین، تین ہزار روپے جرمانہ سنایا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف اعظم خان اور عبداللہ نے اپیل دائر کی تھی، مگر کئی بار پیش نہ ہونے کے سبب اے ڈی جے-3 کورٹ نے عبداللہ اعظم کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ اس سے پہلے اعظم خان کی اپیل خارج ہو چکی ہے اور ان کی سزا برقرار رکھی گئی ہے۔
سیشن کورٹ میں اپیل پر سماعت جاری
خصوصی سرکاری وکیل نے بتایا کہ اس کیس میں عبداللہ اعظم کو دو سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سزا کے خلاف ایم پی-ایم ایل اے کی سیشن کورٹ میں اپیل زیرِ سماعت ہے۔ اس کے باوجود عبداللہ اعظم عدالت میں حاضر نہیں ہو رہے ہیں۔ جمعہ کو عدالت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عبداللہ اعظم کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیا۔
اعظم خان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں
اعظم خان اور ان کے خاندان کی مشکلات مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔ عبداللہ اعظم پر اسٹامپ چوری کیس میں عدالت نے 4 کروڑ 64 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا، جس پر حال ہی میں عدالت نے آر سی (ریکوری سرٹیفکیٹ) جاری کرنے کی کارروائی کی تھی۔ اس کے علاوہ بھی اعظم خان اور ان کے خاندان کے خلاف کئی مقدمے زیرِ سماعت ہیں۔ اعظم خان طویل عرصے سے جیل میں بند ہیں۔