یوپی جل نگم بھرتی گھوٹالہ کیس میں اعظم خان کو ملی ضمانت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-03-2022
یوپی جل نگم بھرتی گھوٹالہ کیس میں اعظم خان کو ملی ضمانت
یوپی جل نگم بھرتی گھوٹالہ کیس میں اعظم خان کو ملی ضمانت

 


آواز دی وائس، پریاگراج

الہ آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کو سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم پی محمد اعظم خان کو 2016 کے اتر پردیش جل نگم بھرتی گھوٹالہ کے سلسلے میں ان کے خلاف درج ایک کیس میں ضمانت دے دی۔

جسٹس رمیش سنہا کی ایک ڈویژن بنچ نے مشاہدہ کیا کہ ریاست اعظم خان کے خلاف چارج شیٹ سے کسی بھی حتمی ثبوت کی نشاندہی کرنے میں ناکام رہی ہے، جس سے یہ ظاہر ہو کہ اس نے یوپی جل نگم میں بھرتی کے عمل میں سرگرمی سے حصہ لیا تھا۔

واضح رہے کہ اعظم خان کو اس وقت 87 فوجداری مقدمات کا سامنا ہے اور وہ اس کیس کے علاوہ تمام مقدمات میں ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔ اگر ان کے خلاف کسی اور مقدمے میں ضمانت مل جاتی ہے تو وہ جیل سے رہا ہو سکتے ہیں۔

اعظم خان فی الحال سیتا پور جیل میں بند ہیں۔ جمعرات کو اعلان کردہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج میں، اعظم خان کو اتر پردیش کے رام پور ضلع کی رامپور اسمبلی سیٹ سے جیتنے والا امیدوار قرار دیا گیا۔

استغاثہ کے مطابق مبینہ بھرتی گھوٹالہ کی تحقیقات سال 2016 میں جل نگم میں 1300 خالی آسامیوں پر تقرریوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں درج شکایت پر خصوصی تفتیشی ٹیم کو سونپی گئی تھی۔

مبینہ طور پر جل نگم کے چیئرمین (اعظ، خان) نے اسسٹنٹ انجینئروں اور جونیئر انجینئروں کے امتحان اور کلرکوں اور سٹینوگرافروں کے امتحان کے انعقاد کے لئے جل نگم بورڈ کی سفارش کے بغیر منیجنگ ڈائرکٹر اور آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی کی تجویز کو غیر مجاز طور پر منظوری دے دی تھی۔

جب مارچ 2017 میں اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت آئی تو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا اور 122 بھرتی کرنے والے انجینئروں کو بھی ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔ جب کہ ایک ایف آئی آر سال 2018 میں اعظم خان کےخلاف درج کی گئی تھی اور ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 409، 420، 120-بی، 201 آئی پی سی اور بدعنوانی کی روک تھام کے قانون کی دفعہ 13(1) کے تحت بے قاعدہ بھرتی/تقرری سے متعلق الزامات کے تحت شریک ملزم بنایا گیا تھا۔

 اہم بات یہ ہے کہ عدالت نے کہا کہ چونکہ وہ اب ریاستی امور میں کوئی عہدہ نہیں رکھتے، اس لیے شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ عدالت نے اس حقیقت کا بھی نوٹس لیا کہ چارج شیٹ مئی 2021 میں داخل کی گئی ہے اور ٹرائل کورٹ نے اس کا نوٹس لیا ہے۔ عدالت نے یہ محسوس کرتے ہوئے کہ موجودہ کیس میں مزید تفتیش اور ٹرائل کے مقصد کے لیے پہلی نظر میں درخواست گزار کی مسلسل تحویل ضروری نہیں تھی، اعظم خان کو ضمانت دے دی۔