اعظم خان کو مرادآباد کی عدالت نے بری کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2025
اعظم خان کو مرادآباد کی عدالت نے بری کیا
اعظم خان کو مرادآباد کی عدالت نے بری کیا

 



مرادآباد (یوپی):جیل میں بند سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خان کو مرادآباد کی ایک خصوصی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے 17 سال پرانے مقدمے میں بری کر دیا ہے۔ یہ مقدمہ سڑک جام کرنے اور سرکاری جائیداد کو نقصان پہنچانے سے متعلق تھا۔ اعظم خان کے وکیل نے بدھ کو اس فیصلے کی اطلاع دی۔

یہ معاملہ سال 2008ء کا ہے، جب پولیس نے اعظم خان کی کار سے ہوٹر ہٹا دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے چھجلیٹ پولیس اسٹیشن کے قریب مبینہ طور پر ہنگامہ کیا۔ خان اپنے حامیوں کے ساتھ سڑک پر دھرنا دینے بیٹھ گئے جس کے باعث ٹریفک جام ہو گیا۔

مظاہرہ پرتشدد ہوگیا اور کچھ بجلی کے کھمبے بھی ٹوٹ گئے، جس کے بعد پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ بعد ازاں پولیس نے چالان داخل کیا اور مقدمہ عدالت میں پہنچا۔ کئی عدالتی احکامات کے باوجود خان برسوں عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور مقدمے کے اختتام سے پہلے تک گرفتاری سے بچتے رہے۔

خان کے وکیل شاہنواز سبطین نقوی نے بتایا کہ انہوں نے اعظم خان کے حق میں سات گواہ پیش کیے، جبکہ استغاثہ کے وکیل موہن لال وشنوئی صرف ایک گواہ پیش کر سکے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل اور ریکارڈ پر موجود شواہد کا جائزہ لینے کے بعد اعظم خان کو تمام الزامات سے بری کر دیا۔ اگرچہ اس کیس میں انہیں بری کر دیا گیا ہے، لیکن اعظم خان فی الحال اب بھی سیتاپور جیل میں قید ہیں۔